پٹنہ۔ 30 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) نوٹوں کی منسوخی کے معاملے پر وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف قومی جنتا دل (آر جے ڈی) کے صدر لالو پرساد یادو کا ٹویٹ وار جاری ہے اور اس لنک میں آج ایک بار پھر انہوں نے وزیر اعظم پر ملک کی معیشت کو گہرا صدمہ لگانے کا الزام لگایا ہے ۔ مسٹر یادو نے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر اپنے خاص انداز میں کہا، ”اگر ہمارے جسم سے پھیپھڑوں، گردے ، جگر سے زیادہ تر خون نکال لیا جائے تو کیا ہم زندہ رہ سکتے ہیں؟ کچھ ایسا ہی ہوا ہے ہماری معیشت کاحال۔”ایک اور ٹویٹ میں لالو جی نے ہندی اور انگریزی مخلوط زبان میں کہا کہ سینس لیس طریقوں سے ہو رہیں ‘اینڈ لیس ‘ پریشانیوں کو دبانے کیلئے ‘کیش لیس ‘ جیسی بیس لیس بات کر رہے ہیں، ہی شڈ بی ریلسٹک۔”قابل ذکر ہے کہ آٹھ نومبر کی درمیانی شب سے ملک میں نوٹوں کی منسوخی کے اعلان کے بعد سے ہی راشٹریہ جنتا دل کے صدر نے اس معاملے پر وزیر اعظم اور مرکز کی قومی جمہوری اتحاد حکومت کے خلاف مسلسل حملہ آور رخ اپنا رکھا ہے ۔ اس سے قبل جمعرات کو نامہ نگاروں سے بات چیت میں مسٹر یادو نے کہا تھا کہ نوٹوں کی منسوخی کے 50 دن بعد بھی وزیر اعظم کا شگوفہ پوری طرح فیل ہو گیا ہے ۔ عام لوگوں کو مشکلات سے نجات دلانے کیلئے وزیر اعظم نے جو مہلت مانگی تھی، وہ پوری ہو گئی۔ وزیر اعظم کالا دھن واپس لانے کی جگہ اپنا چہرہ بچانے کیلئے بہت قسم کے طریقے اختیار کر رہے ہیں۔