نوٹوں کی منسوخی سے عوام کا نقصان اور بینک کا فائدہ

مودی حکومت کا فیصلہ سمجھ سے بالاتر: سلمان خورشید
نئی دہلی۔یکم نومبر(سیاست ڈاٹ کام) نوٹوں کی منسوخی کی وجہ کو سمجھ سے بالاتر قرار دیتے ہوئے سابق مرکزی وزیرقانون و انصاف اور کانگریس کے سینئر لیڈر سلمان خورشید نے کہاکہ اس سے صرف عوام کا نقصان ہوا ہے اور بینکوں کو کافی فائدہ ہوا ہے ۔ یہ بات انہوں نے ‘نوٹوں کی منسوخی، جی ایس ٹی اور اقتصادی سست روی ‘کے موضوع پر ایک سمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔آل انڈیا مسلم ایڈوکیٹس فورم فارجسٹس نئی دہلی اور دی سپریم کورٹ لائرس ڈسکشن فورم نئی دہلی کے زیر اہتمام منعقدہ اس پروگرام میں انہوں نے کہا کہ نوٹوں کی منسوخی کی مختلف وجوہات بتائی گئیں لیکن تمام وجوہات ناکام ثابت ہوئیں۔انہوں نے کہاکہ نوٹوں کی منسوخی کے اثرسے لوگ ابھی سنبھل بھی نہیں پائے تھے کہ جی ایس ٹی کے غلط طریقے سے نفاذ نے عوام، چھوٹے ، درمیانہ درجے کے صنعت کاروں کو تباہ کردیا اور ان کے کاروبار ٹھپ ہوگئے ۔سپریم کورٹ کے وکیل اور اٹارنی سولیسٹر سرفراز احمد صدیقی نے نوٹوں کی منسوخی کو ملک کے لئے تباہ کن قرار دیتے ہوئے کہاکہ حکومت کے اس اقدام سے ملک ،یہاں کے عوام اور تجارتی برادری کئی سال پیچھے جا چکے ہیں ۔ان کی تلافی کے لئے اب تک کوئی مناسب قدم نہیں اٹھایا گیا ہے ۔