نئی دہلی ۔ 4 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) سابق آر بی آئی گورنر رگھورام راجن نے اپنی نئی کتاب میں انکشاف کیا ہیکہ انہوں نے کبھی بھی نوٹوں کی تنسیخ کی تائید نہیں کی اور حکومت کو انتباہ دیا تھا کہ 86 فیصد نقد رقم بازار سے واپس لینے کے نتیجہ میں معیشت کو سخت نقصان پہنچے گا۔ ان کے اس بیان سے اس اچانک اقدام کی منصوبہ بندی کرنے کے دعوؤں کی تردید ہوتی ہے۔ بیان میں کہا گیا تھا کہ یہ اقدام کئی ماہ سے زیرغور تھا اور اس کا اعلان 8 نومبر 2016ء کو کیا گیا تھا۔ انہوں نے پیش قیاسی کی تھی کہ اس اقدام کے نتیجہ میں عالمی معاشی بحران پیدا ہوجائے گا۔ وہ 4 ستمبر 2013ء سے 4 ستمبر 2016ء تک آر بی آئی کے گورنر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنی کتاب میں کہا کہ وہ حکومت کو ایک نوٹ حوالے کرچکے ہیں جس میں نوٹوں کی تنسیخ کے فوائد اور امکانی نقصانات کا تجزیہ پیش کیا گیا تھا۔