سرکاری اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے کا تیقن
حیدرآباد۔30 مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹریہ سمیتی کے نو منتخب رکان قانون ساز کونسل ایم ہنمنت رائو، کرشنا ریڈی، گنگادھر گوڑ اور کے جناردھن ریڈی نے آج کونسل کی رکنیت کا حلف لیا۔ قانون ساز کونسل میں صدرنشین سوامی گوڑ نے نو منتخب ارکان کو رکنیت کا حلف دلایا۔ اس تقریب میں ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی، ریاستی وزراء این نرسمہا ریڈی، ہریش رائو کے علاوہ ارکان کونسل اور پارٹی قائدین شریک تھے۔ نومنتخب ارکان نے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو سے اظہار تشکر کیا اور کہا کہ وہ سرکاری اسکیمات کے فوائد عوام تک پہنچانے میں ہر ممکن مساعی کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کے استحکام کے لیے وہ جدوجہد کریں گے۔ شہر سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس کے گریٹر حیدرآباد صدر ایم ہنمنت رائو نے کہا کہ وہ قانون ساز کونسل کی رکن کی حیثیت سے گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کو مستحکم کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد میں اہم رول ادا کرنے والے قائدین کو چیف منسٹر نے عہدوں سے نوازتے ہوئے ان کی خدمات کا اعتراف کیا ہے۔ ہنمنت رائو نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں پارٹی کی رکنیت سازی کا کام جاری ہے اور عوام میں رکنیت قبول کرنے کے لیے پارٹی جذبہ دیکھا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشن بھگیرتھا کے ذریعہ ہر گھر کو پانی سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتے ہیں اور انہوں نے اس پروگرام میں ناکامی پر دوبارہ ووٹ نا مانگنے کا اعلان کرتے ہوئے ملک بھر میں مثال قائم کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے ترقی اور فلاحی اقدامات کے سلسلہ میں ملک بھر میں نمایاں مقام حاصل کیا ہے۔ حکومت کے تین برسوں میں انتخابی وعدوں پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔