لندن ۔ 24 مارچ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام )برطانیہ کے شاہی ڈاک خانے نے ہندوستانی نژاد عالمی جنگ دوم کی بہادر اور جرات مند خاتون نور عنایت خان کے اعزاز میں ڈاک ٹکٹ جاری کیا ہے۔ وہ روس میں پیدا ہوئیں لیکن ان کی تربیت برطانیہ اور فرانس میں ہوئی۔ ان کا تعلق ٹیپوسلطان کے خاندان سے تھا۔اُن کی صد سالہ یوم پیدائش تقاریب کے موقع پر یہ ڈاک ٹکٹ جاری کیا گیاہے۔ نور عنایت خان میموریل ٹرسٹ کی صدرنشین شرابھنی باسو نے اس اعزاز پر کہا کہ ڈاک ٹکٹ کی اجرائی اس کا ثبوت ہے کہ اُن کی قربانیاں اور بہادری کو فراموش نہیں کیا جائے گا ۔ برطانوی آثار قدیمہ کے ریکارڈ سے پتہ چلتا ہے کہ وہ وائر لیس آپریٹ کرنے والے پہلی خاتون تھیں اور دوسری عالمی جنگ کے دوران نازیوں نے فرانس کے جس علاقے پر قبضہ کر لیا تھا وہاں انہیں کام کے لیے بھیجا گیا تھا۔تاہم انھیں گرفتار کرلیا گیا اور نازی جرمنی میں واقع ایک کیمپ میں انھیں گولی ماردی گئی ۔ بتایا جاتا ہے کہ آخری لمحات میں انھوں نے آزادی کا نعرہ بلند کیا تھا۔ انھوں نے تفتیش اور ہراسانی کے باوجود کسی بھی راز یہاں تک کہ خود اپنے حقیقی نام کا انکشاف نہیں کیا ۔ جس وقت انھیں ہلاک کیا گیا تب اُن کی عمر صرف 30 سال تھی۔