نوجوان نسل میں موبائیل فون کا استعمال

آج کوئی ہاتھ ایسا نہیں ہے جو موبائیل فون سے خالی ہو۔ بچے ہوں یا بڑے، طالب علم ہوں یا کاریگر ، ٹھیلے چلانے والے ہوں یا بس کے کنڈکٹر، ہر کوئی موبائیل فون سے کھیلتا نظر آتا ہے ۔ انہیں دنیا کا ہوش ہے نہ خود کا۔ سائنس کی کارآمد اور عجوبہ تخلیق موبائیل فون جس کے ذریعہ دنیا میں کسی بھی جگہ رابطہ ممکن بنایا ہے وہیں اس کا بیجا اور غلط استعمال بھی بڑھتا جارہا ہے۔
موبائیل فون نے ایک اہم ضرورت کی شکل اختیار کرلی ہے۔ والدین نے اپنے بچوں کو اس سہولت سے آراستہ اس لئے کیا ہے کہ وہ ان سے رابطے میں رہیں ، غرض یہ فوری رابطہ کا بہترین ذریعہ ہے۔ بدقسمتی سے ہمارے معاشرے میں موبائیل فون کا استعمال ضرورت سے زیادہ ہوگیا ہے۔ ہماری نوجوان نسل موبائیل فون کو ایک ضرورت کے بجائے تفریح کے طور پر لینے لگی ہے۔ کم عمر بچے بھی موبائیل فون مانگتے ہیں اور اس کا استعمال بھی بخوبی جانتے ہیں۔طالب علم رات بھر دوستوں سے موبائیل پر بات کرتے ہیں اور دن میں تعلیم حاصل کرنے کیلئے اسکول کالج یا جامعہ جاتے ہیں جہاں ذہنی یکسوئی اور حاضر دماغی کے ساتھ اپنی تعلیم پر توجہ نہیں دے پاتے۔ جس کے اثرات تعلیمی نتائج پر بھی مرتب ہوتے ہیں۔ موبائیل فون کا زیادہ استعمال وقت کے ساتھ پیسوں کا بھی زیاں ہے۔