نواز شریف کو عدالت میں گھسیٹنے عمران خان کی دھمکی

پاکستان کے سیاسی تعطل میں کوئی کمی نہیں آئی ‘ احتجاج جاری
اسلام آباد۔7ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) کرکٹر سے سیاستداں بننے والے عمران خان نے دھمکی دی ہے کہ وہ دروغ گوئی کے الزام میں وزیراعظم نواز شریف کو انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کریں گے ۔ انہوں نے سپریم کورٹ میں درخواست داخل کرتے ہوئے نواز شریف کو نااہل قرار دینے کیلئے زور دیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں احتجاجیوں اور فوج کے متعلق انہوں نے دروغ گوئی سے کام لیا ہے ۔ پاکستان میں سیاسی تعطل برقرار ہے اور اس کی شدت میں کوئی کمی نظر نہیں آئی۔ پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کل رات پارلیمنٹ کے سامنے احتجاجیوں سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا تھا کہ ان کا ’’بیٹھے رہو دھرنا‘‘ اُس وقت تک جاری رہے گا تاوقتیکہ حکومت نواز شریف کے استعفیٰ کے بشمول ان کے تمام مطالبات کو قبول کرے ۔ تحریک انصاف پارٹی کی قیادت سپریم کورٹ سے رجوع ہوگی اور نواز شریف کو نااہل قرار دینے کیلئے اپیل کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف ان کی پارٹی اور عالم دین طاہرالقادری کو ضرب پہنچانے کیلئے جھوٹ بولتے جارہے ہیں ۔ عمران خان اور طاہرالقادری 2013ء کے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلیوں کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے نواز شریف سے استعفیٰ کا مطالبہ کررہے ہیں ۔ حکومت نے وزیراعظم کے استعفیٰ کو خارج از امکان قرار دیا ہے ۔ حکومت نے تجویز رکھی ہے کہ اپوزیشن کے الزامات کی جوڈیشیل کمیشن کے ذریعہ تحقیقات کی جائے گی ۔