نواز شریف جنوبی ایشیا کو تنازعات سے پاک خطہ دیکھنے کے خواہشمند

کٹھمنڈو۔ 27 نومبر۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ وہ جنوبی ایشیا کو تنازعات سے پاک خطہ دیکھنے کے خواہشمند ہیں جہاں غربت، جہالت، بیماری اور بیروزگاری جیسے مسائل کے حل کیلئے مشترکہ کوششیں کی جائیں۔پاکستان کی سرکاری نیوز ایجنسی ’اے پی پی‘ کے مطابق نیپال کے دارالحکومت میں ’سارک‘ کے 18ویں سالانہ اجلاس سے خطاب میں نواز شریف نے اس تنظیم کو امن اور خوشحالی کیلئے جنوبی ایشیائی عوام کی امنگوں کی ترجمان قرار دیا۔جنوبی ایشیا کے ممالک کی تنظیم کے سربراہ اجلاس سے خطاب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان سارک کو بہت اہمیت دیتا ہے اور یہ پلیٹ فارم رکن ممالک میں اعتماد کی بحالی کے عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ خطے میں غربت اور جہالت جیسے مسائل سے نمٹنے اور قدرتی آفات اور دہشت گردی سے بچنے کیلئے تمام رکن ممالک کو تعاون کرنا ہوگا

اور معلومات کا تبادلہ کرنا ہوگا۔ ’’امن اور خوشحالی کیلئے مربوط تعاون‘‘ کے عنوان کے تحت کانفرنس سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ سارک ممالک کی ترقی ایک دوسرے سے جڑی ہے اور اس خطے میں نوجوانوں کی ایک بڑی تعداد رہتی ہے لیکن رکن ممالک کے درمیان مضبوط روابط کی کمی کا نتیجہ باہمی تجارت کے حجم میں کمی ہے۔ انھوں نے کہا کہ ویزہ شرائط میں نرمی سے خطے میں اقتصادی تعاون کی شرح بڑھ سکتی ہے اور رکن ممالک میں مذہبی اور ثقافتی ہم آہنگی ہونی چاہئے۔پاکستانی وزیراعظم نے نیپال کی حکومت اور عوام کو کانفرنس کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دیتے ہوئے 19 ویں سارک کانفرنس کی میزبانی کی پیشکش بھی کی۔ نواز شریف دو روزہ سربراہ کانفرنس کے دوران مختلف رکن ممالک کے سربراہانِ مملکت سے بھی ملاقات کررہے ہیں لیکن نیوز ایجنسی اے ایف پی کا کہنا ہے کہ ان کی ہندوستانی وزیراعظم سے جس ممکنہ ملاقات پر دنیا کی نظریں تھیں وہ ممکن نہیں ہوسکی ہے۔