اسلام آباد ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف اپنی دختر کے ساتھ لندن روانہ ہوگئے۔ صرف ایک روز قبل ہی پناما پیپرس معاملہ میں عدالت کی جانب سے انہیں ایک ہفتہ کیلئے شخصی طور پر حاضری سے مستثنیٰ کیا گیا تھا جس کی میعاد 5 تا 12 ڈسمبر ہوگی جبکہ ان کی دختر مریم کیلئے عدالت میں شخصی حاضری سے استثنیٰ کی میعاد 15 نومبر سے شروع ہوئی تھی جس کا سلسلہ 15 ڈسمبر تک جاری رہے گا۔ اسی استثنیٰ کے تحت دونوں باپ بیٹی لندن جارہے ہیںتا کہ نواز شریف اپنی اہلیہ کلثوم کے ساتھ ہاسپٹل میں رہ سکیں جہاں ان کے کینسرکا علاج کیا جارہا ہے اور اب تک تین سرجریز ہوچکی ہیں۔ دوسری طرف نواز شریف کے داماد اور رکن پارلیمان صفدر نے آج احتسابی بیوریو کے روبرو حاضری دی۔ احتسابی بیوریو کی جانب سے طیب احمد نامی ایک گواہ کو بھی پیش کیا گیا جو ایک خانگی بینک کا ملازم ہے۔ اس نے آج اپنا بیان ریکارڈ کروایا۔ علاوہ ازیں عدالت نے محمد صفدر کی جانب سے داخل کردہ ایک عرضداشت کو بھی منظور کرلیا ہے جس میں انہوں نے عدالت میں شخصی طور پر حاضری سے ایک ہفتہ کے استثنیٰ کی درخواست کی تھی۔