نوائیڈہ پارک میں نماز جمعہ پر امتناع ، یوگی پر مایاوتی کی تنقید

لکھنؤ ۔ 26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام) بی ایس پی کی صدر مایاوتی نے کھلے میدان میں نماز جمعہ کی ادائیگی پر امتناع سے متعلق نوئیڈا انتظامیہ کے نامناسب، متعصب اور جانبدارانہ حکم کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایسی کوئی پالیسی ہی ہے تو اس کو تمام اضلاع اور تمام مذاہب کے ماننے والے افراد پر لاگو کرنا چاہئے۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سربراہ مایاوتی نے کہا کہ ’’تفریحی پارکس اور کھلے میدانوں میں نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے ماقبل اجازت کی منظوری سے متعلق حکم اور ایسے مقامات پر احکام کی خلاف ورزی کے مرتکب پائے جانے والے ملازمین کے خلاف سخت کارروائی کی وارننگ نامناسب اور جانبدارانہ ہے‘‘۔ یوپی کی سابق چیف منسٹر مایاوتی نے کہا کہ ’’سرکاری مقامات پر مذہبی سرگرمیوں کو روکنے سے متعلق یوگی ادتیہ ناتھ حکومت کی ریاست میں اگر ایسی ہی کوئی پالیسی ہے تو تمام مذاہب کے ماننے والوں اور ریاست کے تمام اضلاع پر آخر کیوں اس کو یکساں طور پر لاگو نہیں کیا جاتا‘‘۔ واضح رہیکہ نوئیڈا سیکٹر 58 پولیس اسٹیشن کے اسٹیشن ہاؤز آفیسر پنکج رائے نے رواں ماہ کے اوائیل میں 23 خانگی اداروں کو نوٹس روانہ کرتے ہوئے وہاں کے سرکردہ مسلم ملازمین سے کہا تھا کہ ایک مقامی پارک میں نماز جمعہ کی ادائیگی روک دی جائے۔ انہوں نے اس ضمن میں سپریم کورٹ حکمنامہ مورخہ 2009ء کا حوالہ بھی دیا تھا جس میں عوامی مقامات پر مذہبی رسوم کی ادائیگی پر امتناع عائد کیا گیا تھا لیکن مایاوتی نے دعویٰ کیا ہیکہ اگر اس پارک میں اگرچہ 2013ء سے نماز جمعہ ادا کی جارہی ہے تو پھر 2019 کے لوک سبھا انتخابات سے قبل ہی اس پر پابندی عائد کرنے کی منطق وجواز کیا ہے۔ بی جے پی تنازعہ کو سیاسی رنگ دینے کا الزام عائد کیا۔