ایک بھالو بہت بھوکا تھا وہ کھانے کی تلاش میں ادھر اُدھر گھوم رہا تھا ‘ اچانک اس کی نظر ایک ننھے خرگوش پر پڑی ۔ وہ اس کے قریب گیا اور کہا ۔ ’’ میں بہت بھوکا ہوں اس لئے میں تمہیں کھاؤں گا ‘‘ خرگوش بہت چالاک اور دانا تھا ۔ اس نے بھالو سے کہا میں تو بہت چھوٹا اور دبلا پتلا ہوں مجھے کھانے سے تو تمہارا پیٹ نہیں بھرے گا ۔
میں تمہیں ایک اور جگہ لے جاتا ہوں جہاں بہت بڑے بڑے خرگوش ہیں اور اس کے ساتھ ہی ایک تالاب ہے جس میں بہت سی مچھلیاں بھی ہیں ۔ وہاں تم مچھلیاں بھی کھا لینا اور خرگوش بھی ‘‘۔ بھالو ننھے خرگوش کی اس تجویز پر بہت خوش ہوا اور خرگوش کے ساتھ چل پڑا ۔ راستے میں ایک غار آیا ۔ خرگوش نے بھالو سے کہا ’’ تم یہاں ٹھہرو ‘ میں تمہارے لئے خرگوش اور مچھلیاں پکڑ کر لا تا ہوں ‘‘ یہ کہہ کر ننھا خرگوش غار میں گھس کر سوگیا ۔ بھالو غار کے باہر انتظار کرتے کرتے تھک گیا اور بھوک سے بے حال ہوگیا ۔ آخر کار انتظار سے تھک جانے کے بعد بھالو نے واپس چلے جانے کا سوچا اور پلٹ گیا اور ننھا خرگوش اپنی میٹھی نیند سوتا رہا ۔ اس طرح خرگوش نے اپنی دانائی سے بھالو کو بے وقوف بنایا اور اپنی جان بچالی ۔