نندیشور گوڑ کا کانگریس میں ہی برقرار رہنے کا اعلان

حیدرآباد ۔ 17 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر نندیشور گوڑ نے ٹی آر ایس کو جھٹکہ دیتے ہوئے کانگریس میں ہی برقرار رہنے کا اعلان کیا ہے ۔ اسمبلی حلقہ پٹن چیرو ضلع میدک کی نمائندگی کرنے والے کانگریس کے رکن اسمبلی نے ٹی آر ایس میں شامل ہونے کی تمام تیاریاں مکمل کرلی تھیں تاہم صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پی لکشمیا سابق ڈپٹی چیف منسٹر مسٹر دامودھر راج نرسمہا اور سابق صدر پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ڈی سرینواس نے مسٹر نندیشور گوڑ سے بات چیت کرتے ہوئے انہیں کانگریس میں برقرار رہنے کے لیے راضی کرلیا ہے ۔ واضح رہے کہ کانگریس کے رکن اسمبلی مسٹر نندیشور گوڑ نے چند دن قبل فارم ہاوز پر سربراہ ٹی آر ایس مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کی تھی اور ٹی آر ایس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ اس کی اطلاع ملتے ہی کانگریس کے قائدین انہیں کانگریس پارٹی میں برقرار رکھنے کے لیے نہ صرف سرگرم ہوگئے بلکہ اس میں کامیاب بھی ہوئے ہیں ۔

باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس کے نائب صدر راہول گاندھی کے آفس سے بھی نندیشور گوڑ کو ٹیلی فون کال وصول ہوا ہے اور انہیں کانگریس پارٹی میں برقرار رہنے کی ہدایت دی ہے جس کے بعد نندیشور گوڑ نے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا سے آج ملاقات کی اور کانگریس پارٹی میں برقرار رہنے کے فیصلے سے انہیں واقف کرایا ۔ بعد ازاں انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ کانگریس کے سپاہی ہیں اور گذشتہ 30 سال سے کانگریس سے وابستہ ہیں اور آخری سانس تک کانگریس میں رہیں گے ۔ مسٹر نندیشور گوڑ نے کہا کہ کانگریس کے چند قائدین کی وجہ سے وہ ناراض تھے اس لیے وہ پارٹی تبدیل کرنے پر سنجیدگی سے غور کررہے تھے تاہم صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے علاوہ دوسرے قائدین سے ملاقات کرنے کے بعد وہ مطمئن ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مقامی طور پر کانگریس کے کئی مسائل ہیں اور کانگریس پارٹی کے ٹکٹ پر مقابلہ کرتے ہوئے کامیاب نہ ہونے کے خدشات تھے اس لیے وہ ٹی آر ایس میں شامل ہونے پر غور کررہے تھے لیکن وہ اپنا فیصلہ تبدیل کرچکے ہیں اور کانگریس میں ہی برقرار رہیں گے ۔۔