نندیال و کاکناڈا میں کامیابی سے ہمارے وقار میں اضافہ

پارٹی کارکن حد سے زیادہ خود اعتمادی میں نہ پڑیں۔ صدر تلگودیشم چندرا بابو نائیڈو کا خطاب
امراوتی 4 ستمبر ( پی ٹی آئی ) نندیال حلقہ اسمبلی کے ضمنی انتخاب میں اور پھر کاکناڈا میونسپل کارپوریشن میں شاندار کامیابی حاصل کرنے کے بعد بھی تلگودیشم سربراہ این چندرا بابو نائیڈو نے آج پارٹی قائدین اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ ان کامیابیوں سے حد سے زیادہ خود اعتماد نہ ہوجائیں اور کوئی خطرہ نہ مول لیں۔ نائیڈو نے تلگودیشم قائدین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہر الیکشن ایک سبق ہوتا ہے ۔ ہم کو اپنی غلطیوں کا تجزیہ کرتے ہوئے انہیں درست کرنے کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کارکنوں میں حد سے زیادہ خود اعتمادی نہیں ہونی چاہئے ۔ مستقبل کے انتخابات میں وہ کوئی خطرہ مول لینے کو تیار نہیں ہیں۔ آندھرا پردیش میں اسمبلی انتخابات کیلئے حالانکہ ابھی 21 ماہ کا وقت ہے لیکن چندرا بابو نائیڈو نے ابھی سے پارٹی کارکنوں کو ابھی سے ان کیلئے تیار کرنے کا عمل شروع کردیا ہے ۔ انہوں نے آج دو پہر پارٹی کارکنوں اور قائدین کیلئے یہاں ایک خانگی ریسارٹ میں لیڈر شپ ٹریننگ پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا ۔ انہوں نے کہا کہ نندیال اور کاکناڈا انتخابات میں تلگودیشم کی کامیابی نے نہ صرف ان کی حکومت میں عوام کا اعتماد بحال کیا ہے بلکہ اس سے سرمایہ کاروں کا اعتماد بھی بڑھا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نندیال اور کاکناڈا میں کامیابیوں سے قومی اور بین الاقوامی سطح پر پارٹی کا وقار بڑھا ہے ۔ عوام نے حکومت کو بدنام کرنے اپوزیشن کی سازشوں کو ناکام بنادیا ہے ۔ یہ بڑی بات ہے کہ عوام نے ہماری پالیسیوں کی حمایت کی ہے ۔ نائیڈو نے کہا کہ انتخابات صرف ایک تسلسل ہے اور ہر انتخاب ہمارے لئے آسان سے آسان تر ہونا چاہئے ۔ ہمیں ہمیشہ ہی سیاسی مینجمنٹ ‘ عوامی مینجمنٹ اور انتخابی مینجمنٹ میں بالادستی حاصل ہونی چاہئے ۔ چندرا بابو نائیڈو نے پارٹی پر زور دیا کہ وہ ایک زرد کتاب تیار کریں جس میں انتخابی حکمت عملی کو اجاگر کیا جائے ‘ انتخابی مہم کے انداز اور انتخابی انجینئرنگ اور بوتھ مینجمنٹ کا بھی تذکرہ ہونا چاہئے جو نندیال اور کاکناڈا میں اختیار کیا گیا تھا ۔ مسٹر نائیڈو نے کہا کہ جہاں تک عوامی مینجمنٹ کا سوال ہے یہ کام حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات سے ہونا چاہئے ۔