نندیال ضمنی انتخاب شلپا موہن ریڈی وائی ایس آر کانگریس امیدوار

حیدرآباد ۔ 25 ؍ جون ( سیاست نیوز) آندھراپردیش کے حلقہ نندیال کیلئے ضمنی انتخابات کیلئے وائی ایس آر کانگریس نے اپنے امیدوار کا اعلان کر دیا ۔ صدر وائی ایس آر کانگریس و قائد اپوزیشن مسٹر جگن موہن ریڈی نے اپنے رفقا کے ساتھ تفصیلی تبادلہ خیال کرنے کے بعد شلپا موہن ریڈی کو نندیال سے پارٹی امیدوار نامزد کردیا اور ان کے نام کا باقاعدہ اعلان کیا ۔ واضح رہے کہ تلگودیشم رکن اسمبلی بھوماناگی ریڈی کی اچانک موت کی وجہ سے حلقہ اسمبلی نندیال کیلئے ضمنی انتخاب ہوگا ۔ بتایا جاتا ہے کہ تلگودیشم نے بھوماناگی ریڈی کے بھتیجے برہماننداریڈی کو اپنا امیدوار بنانے کا نہ صرف فیصلہ کیا بلکہ باقاعدہ گذشتہ دنوں کے دوران اعلان کر دیا۔ وائی ایس کانگریس کے امیدوار شلپا موہن ریڈی تلگودیشم سے وابستہ تھے ۔ انہوں نے پارٹی ٹکٹ نہ ملنے کے پیش نظر تلگودیشم سے علحدگی اختیار کرلی ۔ پارٹی کی ابتدائی رکنیت سے مستعفی ہو کر چند دن قبل ہی وائی ایس اآر کانگریس میں شامل ہوئے اور پارٹی ٹکٹ کے حصول کیلئے شلپاموہن ریڈی نے وائی ایس جگن موہن ریڈی سے قبل از وقت معاہدہ طے کروالیا تھا ۔ لہذا اس معاہدہ کی روشنی میں وائی ایس جگن موہن ریڈی نے شلپا موہن ریڈی کو نندیال کے لئے پارٹی امیدوار نامزد کیا ہے ۔