ممبئی 27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بالی ووڈ کی ایک اور سینئر اداکارہ اور شہنشاہ جذبات دلیپ کمار کی اہلیہ سائرہ بانو نے اپنی سہیلی نندہ کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اُن کی ملاقات کچھ ہی روز پہلے ہوئی تھی اور وہ اچھی بھلی تھیں۔ میں نے جنوری میں نندہ کی 75 ویں سالگرہ پر ایک تحفہ بھی بھیجا تھا اور کچھ دنوں بعد نندہ کا فون آیا اور وہ کہنے لگی کہ میرا تحفہ اُسے مل گیا ہے جو اُسے پسند آیا۔ حالانکہ سائرہ بانو اور نندہ کبھی کسی فلم میں یکجا نہیں ہوئے۔
’دھرتی کہے پکار کے‘ ، ’پریوار‘ اور ’بڑی دیدی‘ جیسی فلموں میں آنجہانی نندہ کے ہیرو جیتندر نے کہاکہ وہ گزشتہ 20 سال سے نندہ سے نہیں ملے لیکن اُن کی انسان دوستی کے قائل ہیں۔ منوج کمار نے کہاکہ جس وقت نندہ کو اُنھوں نے فلم ’’شور‘‘ کے مختصر رول کیلئے سائن کیا تو اُنھوں نے کبھی یہ نہیں پوچھا کہ اتنی بڑی اداکارہ کو آخر گیسٹ رول کیوں دیا جارہا ہے۔ رشی کپور نے کہاکہ جس وقت پدمنی کولہاپوری کی ماں کے رول میں فلم ’پریم روگ ‘ میں نندہ نے فلموں سے کنارہ کشی کے باوجود رول قبول کیا تھا۔