پیارے بچو ! اللہ ہمارا حاکم ہے، ہم سب اُس کے بندے ہیں۔ اللہ کے بندے اللہ ہی کی عبادت کرتے ہیں۔ ہم سب اللہ کی عبادت کرتے ہیں۔ نماز اللہ کی عبادت ہے، ہم سب نماز پڑھتے ہیں۔ نماز میں ہم اللہ کے سامنے ہوتے ہیں۔ اللہ ہم کو دیکھتا ہے، نماز میں ہم سب اللہ سے باتیں کرتے ہیں۔ اللہ ہماری سنتا ہے۔
اللہ بڑا مہربان ہے۔ اُس نے ہم کو ماں باپ دیئے ہیں، کھانے پینے کا سامان دیا ہے۔ آنکھ‘ کان‘ ناک دیئے ہیں اور معلوم نہیں کیا کیا احسان کئے ہیں۔ نماز میں ہم اس کے احسانات کا شکر ادا کرتے ہیں۔کبھی کبھی ہم سے بھول چوک ہوجاتی ہے۔ نادانی میں اللہ کو ناراض کردیتے ہیں۔ نماز میں ہم ہاتھ باندھ کر کھڑے ہوتے ہیں۔ گِڑ گِڑا کر معافی مانگتے ہیں۔ آئندہ کے لئے توبہ کرتے ہیں اور نیک بننے کا وعدہ کرتے ہیں۔ اس طرح اپنے اللہ کو مناتے ہیں۔ وہ تو بڑا معاف کرنے والا ہے۔ ہماری بھول چوک معاف کردیتا ہے۔ کعبہ اللہ کا گھر ہے۔ ہم کعبہ کی طرف رُخ کرتے ہیں، ہم اسی کی طرف مُنہ کرکے نماز پڑھتے ہیں۔ نماز میں اِدھر اُدھر بالکل نہیں دیکھتے۔ نماز میں اللہ سے باتیں کرتے ہیں، اور کسی سے کچھ نہیں بولتے۔ نماز میں ہم اپنے آس پاس کے بچوں کو چھیڑتے بھی نہیں۔ کیوں کہ اللہ ہم کو دیکھتا ہے۔ ہماری کوئی حرکت خلافِ ادب نہ ہونی چاہیئے۔ اللہ پاک، صاف ہے۔ اسے گندگی سے سخت نفرت ہے۔ اسی لئے ہم بھی پاک صاف رہتے ہیں۔ گندگی سے نفرت کرتے ہیں۔ پاک جسم اور پاک لباس میں اس کے سامنے جاتے ہیں۔ نماز کے لئے ہم وضو کرتے ہیں۔ ہم ناپاک ہوکر اللہ کو ناراض کرنا نہیں چاہتے۔ ہم اللہ کی ناراضی سے ڈرتے ہیں۔ ہم روز نماز پڑھتے ہیں۔