بندے آچے [انڈونیشیا]۔ یکم ڈسمبر۔(سیاست ڈاٹ کام) انڈونیشیا میں پولیس کے مطابق نماز کے دوران قیدی سکیورٹی عملے کو یرغمال بنانے کے بعد جیل سے فرار ہو گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق نماز کے وقت مغربی انڈونیشیا کی ایک جیل سے 113 قیدی فرار ہوئے تاہم ان میں سے بعض کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔بندے آچے صوبے کے پولیس چیف تریسانو ریانتو نے بتایا کہ دن کے پچھلے پہر لامبارو جیل میں اس وقت درجنوں قیدی فرار ہو گئے جب 720 قیدیوں کو نماز عشاء کیلئے اپنے کمروں سے باہر نکلنے کی اجازت دی گئی تھی۔پولیس کے مطابق فرار ہونے والے قیدیوں میں بعض منشیات کے جرائم میں ملوث افراد شامل ہیں۔ ایسے لگتا ہے کہ قیدیوں نے پہلے سے فرار کا منصوبہ بنا رکھا تھا۔ انہوں نے دھاتی چیزوں کی مدد سے جیل کی بیرونی دیواروں پر لگائی گئی خار دار تاریں کاٹ ڈالیں اور دیواریں پھلانگ کر جیل سے باہر دھان کے کھیتوں میں بھاگ گئے۔پولیس نے فوری کارروائی کرکے 26 افراد کو حراست میں لے لیا ہے جب کہ 87 اب بھی مفرور ہیں۔