شامیانوں کی تعداد میں اضافہ پرزور ۔صدر نشین وقف بورڈ الحاج محمد سلیم کا دورہ
حیدرآباد ۔ 29 ۔ اگست (سیاست نیوز) عیدگاہ میر عالم میں عیدالاضحیٰ کے انتظامات کا جائزہ لینے صدرنشین وقف بورڈ محمد سلیم نے آج مختلف محکمہ جات کے عہدیداروں کے ساتھ دورہ کیا۔ انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی بارش کے پیش نظر نمازیوں کی سہولت کیلئے وسیع انتظامات کئے جائیں۔ شامیانوں کی تعداد میں اضافہ اور دور دراز علاقوں تک لاؤڈ اسپیکر کے انتظامات کی ہدایت دیتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ حکومت ہر سال کی طرح عیدگاہ میں بہتر انتظامات کو یقینی بنائیگی۔ مقامی رکن اسمبلی معظم خاں ایڈیشنل ڈی سی پی بابو راؤ ، اے سی پی کے علاوہ ٹریفک پولیس ، برقی ، آبرسانی ، گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن اور محکمہ صحت کے عہدیدار موجود تھے ۔ محمد سلیم نے عیدگاہ میں انتظامات کا جائزہ لیا اور کہا کہ عید سے ایک دن قبل صفائی کے انتظامات مکمل کرلئے جائیں۔ انہوں نے ہر سال نمازیوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر جانمازوں کی تعداد میں اضافہ کا مشورہ دیا ۔انہوں نے کہا کہ انتظامات کے سلسلہ میں وقف بورڈ درکار فنڈ جاری کرے گا۔ عیدگاہ میرعالم کے علاوہ عیدگاہ مادنا پیٹ میں وقف بورڈ سے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد سلیم نے کہا کہ تمام محکمہ جات نے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے۔ عیدگاہ پہنچنے والے تمام راستوں پر میونسپل کارپوریشن سے صفائی کے انتظامات کئے جائیں گے اور ٹریفک کے بہاؤ کو باقاعدہ بنانے ٹریفک پولیس متحرک رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عیدگاہ کے قریب گاڑیوں کی پارکنگ کا انتظام کیا جارہا ہے ۔ بہادر پورہ اور شاستری پورم تک لاؤڈ اسپیکر کا انتظام رہے گا تاکہ دور دراز کی صفوں کے مصلیوں کو دشواری نہ ہو۔ انہوں نے کہا کہ امکانی بارش کو دیکھتے ہوئے اندرونی حصہ میں شامیانوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے ۔ محکمہ برقی نے بلا وقفہ سربراہی کا تیقن دیا جبکہ واٹر ورکس کی جانب سے وضو اور پینے کے پانی کا انتظام کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کے عہدیداروں پر مشتمل ٹیم انتظامات کی نگرانی کیلئے متعین کی گئی ہے۔ عیدگاہ میرعالم میں نماز عیدالاضحیٰ صبح 9.30 بجے ہوگی۔ حافظ و قاری محمد رضوان قریشی خطیب مکہ مسجد امامت اور خطبہ کے فرائض انجام دیں گے ۔ نماز سے قبل مولانا سیف اللہ اور مولانا حسام الدین ثانی جعفر پاشاہ فضائل عیدالاضحیٰ بیان کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ نہرو زوالوجیکل پارک کے تحت 60 ایکر اوقافی اراضی سے متعلق معلومات کی جارہی ہے۔ اگر یہ درست ثابت ہو جائے تو اراضی حاصل کرنے کی کوشش کی جائیگی یا پھر محکمہ جنگلات سے اراضی کا معاوضہ حاصل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ وقف بورڈ کی تشکیل کے بعد سے کئی اہم اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کیلئے اقدامات کئے گئے ۔