نمائش کے انعقاد کے لیے 45 یوم قبل اجازت ضروری

آتشزدگی واقعہ کے سبب ضلع کلکٹر حیدرآباد کے مانک راج کے احکام
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز) ضلع کلکٹر حیدرآباد مسٹر کے مانک راج نے نمائش کے انعقاد کیلئے 45 یوم قبل درخواست داخل کرنے کی ہدایت جاری کردی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر میں منعقد ہونے والی تمام نمائش اور سیل پر ان احکام کا اطلاق ہوگا۔نمائش میں پیش آئے آتشزنی کے واقعہ کے بعد عدالت کی جانب سے سخت نوٹ لیا گیا اور احکامات کی اجرائی کے ساتھ ہی ضلع کلکٹر نے نئے قوانین و ضوابط وضع کرتے ہوئے اس بات کی ہدایت جاری کی کہ نمائش کے انعقاد کیلئے 45یوم قبل درخواست داخل کرنی ہوگی اور اندرون 15یوم محکمہ جاتی سطح پر عارضی اجازت نامہ جاری کردیا جائے گا اور نمائش کے افتتاح سے قبل تمام محکمہ جات سے این او سی کے حصول کے ساتھ نمائش کے آغاز کی مکمل اجازت دے دی جائے گی۔نمائش میں پیش آئے حادثہ کے بعد جو صورتحال پیدا ہوئی ہے اس کے اثرات آئندہ منعقد ہونے والی خانگی نمائش اور سیل پر بھی مرتب ہونے کا امکان ہے کیونکہ محکمہ پولیس اور ضلع انتظامیہ کے علاوہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے خانگی سیل اور نمائش کے انعقاد کے لئے تمام صیانتی انتظامات اور اقدامات کے بغیر کسی کو بھی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے اورکہا جا رہا ہے کہ ضلع انتظامیہ ‘ ریاستی حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے قوانین کے مطابق تمام صیانتی انتظامات کو یقینی بنانے والوں کو ہی اجازت دی جائے گی۔