نمائش میں توسیع کے بعد اسٹال مالکین سے کرایہ کی وصولی

آتشزدگی واقعہ کے بعد نمائش سوسائٹی کے اقدام پر تاجرین میں برہمی
حیدرآباد۔20فروری(سیاست نیوز) کل ہند صنعتی نمائش میں پیش آئے آتشزنی کے واقعہ کے بعد سوسائٹی کی جانب سے کی جانے والی کئی دھاندلیاں منظر عام پرآنے کے باوجود کسی قسم کی تحقیقات سے اجتناب اور اتنے بڑے واقعہ کے باوجود اسے نظر انداز کرنے کی پالیسی کے ساتھ اب نمائش میں توسیع کی بھی فیس وصول کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور نمائش میں موجود اسٹال مالکین کو
نوٹس جاری کرتے ہوئے انہیں اضافی ایام کا کرایہ اداکرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے جس کے سبب اسٹال مالکین میں شدید برہمی پائی جانے لگی ہے اور کہا جار ہاہے کہ نمائش سوسائٹی کی لوٹ کھسوٹ کو روکنے کے لئے کوئی اقدامات نہ کئے جانے کے سبب اسٹال مالکین کو کئی مشکلات کا سامنا ہے اور آتشزنی کے واقعہ کے بعد منظر عام پر آنے والی دھاندلیوں اور کوتاہیوں پر تحقیقات نہ کروائے جانے کے سبب نمائش سوسائٹی کی دھاندلیوں میں ملوث افراد کی حوصلہ افزائی ہونے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ نمائش سوسائٹی کے عہدیدار یہ کہنے لگے ہیں سوسائٹی پر کسی کا حکم نہیں چلتا اور کوئی طاقت نمائش سوسائٹی میں جاری دھاندلیوں پر کاروائی نہیں کرسکتی جبکہ سوسائٹی کی جانب سے اسٹال الاٹمنٹ میں کی جانے والی دھاندلیوں کے ذریعہ خانگی طور پر کروڑہا روپئے کی وصولی کے الزامات عائد کئے جانے لگے ہیں اور کہا جار ہاہے کہ شہر حیدرآبادمیں لگائی جانے والی اس سالانہ نمائش کے انعقاد میں ہونے والی بے قاعدگیوں اور لاپرواہیوں کے سلسلہ میں متعدد مرتبہ توجہ دہانی کے باوجود بھی کوئی اقدامات نہ کئے جانے کے باعث پیش آنے والی آتشزنی کے واقعہ کے بعد بھی اس طرح کی حرکتوں کی بنیادی وجہ ریاستی حکومت کی جانب سے اختیار کردہ خاموشی ہے جس کے سبب نمائش سوسائٹی من مانی چلانے کی کوشش میں مصروف ہے اور اس من مانی کو سیاسی سرپرستی حاصل ہونے کے سبب سوسائٹی کے ذمہ دار بے خوف ہیں جبکہ کسی بھی آتشزنی کے واقعہ کے فوری بعد ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جاتی ہے لیکن نمائش میں پیش آنے والے واقعہ کے بعد اب نمائش سوسائٹی من مانی کرنے لگی ہے ۔ نمائش کی 24فروری تک توسیع کے سلسلہ میں احکامات کے بعد 17فروری کو نمائش سوسائٹی نے اسٹال مالکین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 9اضافی ایام کیلئے گول اسٹالس کو 9ہزار 783 روپئے ادا کرنے کی ہدایت دی ہے جبکہ دیگر اسٹال مالکین کو 6ہزار 848 روپئے ادا کرنے کی نوٹس جاری کی ہے اس کے علاوہ اس پر جی ایس ٹی عائد کیا جائے گا ۔ نمائش سوسائٹی کے اس فیصلہ سے ناراض اسٹال مالکین نے عہدیداروں سے بات چیت کی تو انہیں اس بات کا تیقن دیا گیا ہے کہ کچھ رعایت کی جائے گی جبکہ سوسائٹی کی نااہلی اور کوتاہی کے سبب پیش آئے حادثہ کی وجہ سے نمائش بند رہی اس نقصان کی پابجائی کرنے کے بجائے سوسائٹی کی جانب سے اسٹال مالکین سے مزید رقومات وصول کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔