ویلورو ( تاملناڈو ) ۔ 24 ۔ فروری : (سیاست ڈاٹ کام ) : راجیو گاندھی قتل کیس میں سزا یافتہ نلینی سری ہرن کو آج 12 گھنٹوں کے لیے پیرول پر رہائی کی منظوری دیدی گئی تاکہ اپنے والد کی آخری رسومات میں شرکت کرسکے ۔ ویمنس جیل کے عہدیدار نے بتایا کہ نلینی کو 12 گھنٹوں کے لیے رہا کیا گیا ہے اور آج شام تک جیل واپس آجائے گی ۔ وہ آج صبح 6-50 بجے ویلورو سنٹرل جیل سے پولیس اسکارٹ کے ساتھ روانہ ہوئیں اور چینائی میں اپنے والد شنکرنارائن کی آخری رسومات میں شرکت کریں گی ۔ واضح رہے کہ راجیو گاندھی قتل کیس میں نلینی کو ٹرائیل کورٹ نے 28 جنوری 1998 کو سزائے موت دی تھی لیکن گورنر تاملناڈو نے 24 اپریل 2000 میں سزائے موت کو عمر قید میں تبدیل کردیا تھا ۔ انہوں نے گذشتہ سال 14 دسمبر کو مدراس ہائی کورٹ سے رجوع ہو کر انہیں قبل از وقت رہا کردینے کی استدعا کی تھی ۔ کہا تھا کہ وہ جیل میں 24 سال سے زائد قید کی زندگی گذاری ہیں ۔۔