نقلی ادویات تیار کرنے والی کمپنی بے نقاب ایک کروڑ روپئے مالیت کی مشینری ضبط

حیدرآباد۔/27ڈسمبر، ( سیاست نیوز)شہر کے نواحی علاقہ میڑچل میں پولیس نے نقلی ادویات تیار کرنے والی ایک کمپنی کو بے نقاب کردیا جو مختلف اقسام کی ادویات تیار کررہی تھی۔ اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون نے ایک خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے بوڈ اپل کے علاقہ سائی کالونی میں واقع Meysفارماسیوٹیکلس پر دھاوا کیا۔ ایس او ٹی ذرائع کے مطابق وینکٹیشورا گوڑ نامی شخص رہائشی علاقہ میں یہ کمپنی چلا رہا تھا اور نامور برانڈ کی گولیاں تیار کررہا تھا جس کا اس کے یہاں کوئی ورک آرڈر بھی نہیں پایا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ اس کمپنی میں نہ ہی کوئی پراڈکٹس منیجر کی نگرانی ہے اور نہ ہی نگرانکار کیمسٹ موجود ہے۔ جبکہ کالکوٹ پلس، بی کامپلکس، میکوسن، فورٹ، جاتوز ریمیڈیز، آرتھو کال، ڈی کے کے علاوہ 50 مختلف اقسام کی ادویات تیار کررہا تھا۔ ایس او ٹی نے اس کمپنی سے ادویات کا میٹریل اور مشنریز کو ضبط کرلیا جس کی مالیت تقریباً ایک کروڑروپئے تک بتائی گئی ہے۔