مہراج گنج (یو پی) / باگھا (بہار) /9 مئی (سیاست ڈاٹ کام) نریندر مودی پر ان کے بار بار ایسے دعووں کے لئے لفظی حملہ کرتے ہوئے کہ وہ ان کے برخلاف غربت میں زندگی بسر کرنا جانتے ہیں، صدر کانگریس سونیا گاندھی نے آج کہا کہ وزیر اعظم منموہن سنگھ نے بھی اپنے بچپن میں مصائب جھیلے ہیں، لیکن ایسا شخص جس کا دل نفرت سے بھرا ہو وہ اس ملک پر حکمرانی نہیں کرسکتا۔ بی جے پی کے وزارت عظمی امیدوار پر نکتہ چینی کرتے ہوئے سونیا گاندھی نے کہا کہ مودی ملک کو گمراہ کر رہے ہیں۔ ایسا باور کرا رہے ہیں جیسے ملک میں اندھیرا چھایا ہے اور ان کی آمد کے ساتھ ہر جگہ روشنی ہو جائے گی۔
انھوں نے کہا کہ نفرت بھرے دل یہ ملک نہیں چلا سکتے۔ ترقی کے مودی ویژن پر سوال اٹھاتے ہوئے انھوں نے کہا کہ وہ اس معاملے میں ملک کے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں۔ مہراج گنج میں منعقدہ الیکشن ریلی سے خطاب میں سونیا گاندھی نے مودی پر بار بار یہ دعویٰ کرنے پر چوٹ کی کہ وہ غریب خاندان سے تعلق رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مودی بچپن کی اپنی جدوجہد کے تعلق سے عوام کو کہانیاں سنا رہے ہیں۔ بہار کے باگھا میں بھی انتخابی ریلی سے خطاب میں صدر کانگریس نے دعویٰ کیا کہ آج کل مودی کانگریس کے خلاف کرپشن کے الٹے سیدھے الزامات لگانے میں مگن ہیں۔
اگر ہم بدعنوانی کے خلاف جدوجہد میں سنجیدہ نہ ہوتے تو ہم قانون حق معلومات نہیں لائے ہوتے، جس نے کرپشن کے کئی معاملوں کو بے نقاب کیا ہے۔ سونیا گاندھی نے چیف منسٹر گجرات سے سوال کیا کہ کیا ان کی ریاستی بی جے پی حکومت نے کرپشن کے خاتمہ کے لئے اس طرح کا کوئی اقدام کیا ہے؟ اور کیوں وہاں لوک آیوکت کا دس سال سے تقرر نہیں ہوا ہے؟ نیز کیوں کرپشن کے الزامات کا سامنا کرنے والے لوگ اور فوجداری کیسوں میں عدالت سے خاطی ٹھہرائے گئے افراد ان کی ریاستی کابینہ میں برقرار ہیں؟۔