مسلم مجاہدین آزادی پر دہلی میں تصویری نمائش کا افتتاح، غلام نبی آزاد ، ڈگ وجئے سنگھ کا خطاب
نئی دہلی۔/24اگسٹ، ( این ایس ایس ) راجیہ سبھا میں اپوزیشن لیڈر غلام نبی آزاد، اے آئی سی سی کے جنرل سکریٹری ڈگ وجئے سنگھ، تلنگانہ قانون ساز اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر، اے آئی سی سی کے ترجمان اور سابق رکن پارلیمنٹ ایم افضل اور دیگر کئی ممتاز شخصیات نے آج نئی دہلی کے اسلامک کلچرل سنٹر میں مسلم مجاہدین آزادی ہند کی تین روزہ تصویری نمائش کا افتتاح کیا جو 26اگسٹ تک جاری رہے گی۔ اس موقع پر مجاہدین آزادی نسیم مرزا چینگیزی اور شوکت علی ہاشمی کو تہنیت پیش کی گئی۔ 106سالہ مرزا چنگیزی نے شہید بھگت سنگھ کے ساتھ جدوجہد آزادی میں حصہ لیا تھا ۔ شوکت ہاشمی نے ہندوستان چھوڑدو تحریک میں سرگرم رول ادا کیا تھا۔ غلام نبی آزاد نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بی جے پی ، آر ایس ایس کی جانب سے نفرت و فرقہ پرستی پھیلائے جانے پر گہری تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ ہندوستانی سماج صدیوں سے تکثیری جذبہ پر مبنی ہے اور کوئی بھی طاقت اس ملک کے سیکولر جذبہ کو تباہ نہیں کرسکتی۔ غلام نبی آزاد نے کہا کہ سیکولرازم اور مذہبی رواداری دراصل اس قدیم ہندوستانی تہذیب کا حصہ ہے جس (تہذیب )کے بارے میں آر ایس ایس بہ بانگ دہل تذکرہ کیا کرتی ہے۔ڈگ وجئے سنگھ نے اس تصویری نمائش کو ان افراد اور تنظیموں کے چہرہ پر طمانچہ قرار دیا جو جدوجہد آزادی میں مسلمانوں کے رول پر سوال اٹھاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کئی مذاہب اور ان کے ماننے والے ہندوستان آئے اور یہیں پر بس گئے ۔ ملک میں 99.99 فیصد ہندواور مسلمان ایک اور متحد ہیں صرف 0.0 فیصد افرادنفرت پھیلارہے ہیں۔ اے آئی سی سی سل کے چیرمین کپولا راجو نے بھی خطاب کیا۔