نئی دہلی۔ 2 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) خواتین کے تئیں ’نفرت اور تشدد کے موجودہ ماحول‘ کو ختم کرنے کیلئے ووٹ کے استعمال پر ملک بھر میں خواتین کا شعور بیدار کرنے کے مقصد سے 20 ریاستوں کے 143 اضلاع میں حقوق نسواں کے جہد کاروں اور سیول سوسائٹی کے گروپوں کے زیراہتمام مارچ منظم کئے جائیں گے۔ سماجی جہد کار شبنم ہاشمی نے کہا کہ یہ جلوس مواضعات ، بلاکس ، تعلقہ جات ، شہروں ، کالجوں اور مارکٹوں میں ’’ویمنس مارچ 4 چینج‘‘ کے بیانر تلے منظم کئے جائیں گے۔ دہلی میں یہ مارچ 11 بجے دن منڈی ہاؤس سے شروع ہوگا اور جنتر منتر پر اختتام عمل میں آئے گا۔ اس مارچ کا مقصد ملک بھر کی خواتین میں نفرت اور تشدد کے موجودہ ماحول کے خاتمہ کیلئے ووٹ کے استعمال پر شعور بیدار کرنا ہے اور علاوہ ازیں کسی عوامی جمہوریہ کے شہریوں کے دستوری حقوق کو نمایاں کرنا ہے۔