نئی دہلی ۔ /17 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی کی دہلی یونٹ نے چیف الیکٹورل آفیسر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ لوک سبھا انتخابات کے دوران مذہبی خطوط پر رائے دہندوں کو رجھانے اور ان پر اثرانداز ہونے کی کسی بھی کوشش کو روکنے کیلئے مساجد میں خصوصی مبصرین کو تعینات کیا جائے ۔ الیکشن آفیسر کو روانہ کردہ مکتوب میں دہلی بی جے پی کے لیگل ڈپارٹمنٹ کے کنوینر نیرج نے الزام عائد کیا کہ عام آدمی پارٹی کے قائدین مذہبی خطوط پر ووٹ بٹورنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ مساجد میں خصوصی مبصرین کو تعینات کیا گیا تو نفرت پر مبنی تقاریر کو روکنے میں مدد ملے گی اور مسلم غلبہ والے علاقوں میں الیکشن کمیشن کا عہدیدار موجود رہنے سے سیاسی اور مذہبی قائدین عوام میں نفرت نہیں پھیلائیں گے ۔عام آدمی پارٹی کی طرف سے اس مسئلہ پر فوری کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ۔ اگر خصوصی مبصرین کی جانب سے یہ رپورٹ جاتی ہے کہ مسجد میں نفرت انگیز تقاریر کی گئی ہیں تو الیکشن کمیشن فوری کارروائی کرسکتا ہے ۔ لوک سبھا انتخابات سے قبل منصفانہ اور آزادانہ انتخابات کو یقینی بنانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے ۔