نظام کالج گراونڈ میں نماز عید الفطر کی اجازت !

حیدرآباد ۔ 23 ۔ جولائی : شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد میں نظام کالج کو خاص اہمیت حاصل ہے ۔ 1887 میں آصف جاہ ششم نواب میر محبوب علی خاں کے دور حکمرانی میں پر فضا بشیر باغ کے دامن میں قائم کردہ اس تاریخی کالج میں کئی تاریخی اجتماعات جلسے منعقد ہوچکے ہیں ۔ یہاں سے فارغ التحصیل اہم شخصیتوں کے حوالے سے بھی یہ کالج اپنی ایک منفرد پہچان رکھتا ہے ۔ اسے شہر کا سب سے وسیع و عریض کالج بھی کہا جاتا ہے ۔ اب حکام نے وہاں مسلمانوں کو نماز عید الفطر ادا کرنے کی اجازت دے دی ہے ۔ اس بات کا انکشاف بی جے پی قومی اقلیتی مورچہ کے نائب صدر ایف ایس لائق علی نے کیا ہے ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ نظام کالج چونکہ شہر کے بیچوں بیچ واقع ہے اس لیے اطراف و اکناف کے علاقوں بالخصوص شیر گیٹ کنگ کوٹھی کے مسلمانوں نے وہاں نماز عید الفطر کے اہتمام کی درخواست کی تھی ۔ اس سلسلہ میں حلقہ اسمبلی خیریت آباد کے ایم ایل اے چنتلا رامچندرا ریڈی کا اہم رول رہا ۔ جنہوں نے ایف ایس لائق علی کی توجہ دہانی پر حرکت میں آتے ہوئے وزیر داخلہ ایم نرسمہا ریڈی کے نام ایک مکتوب روانہ کیا جس میں ان سے مسلمانوں کو نظام کالج گراونڈ پر نماز عید الفطر ادا کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کی گئی تھی ۔ جناب ایف ایس لائق علی نے نہ صرف رکن اسمبلی سے نمائندگی کی بلکہ نظام کالج انتظامیہ سے رجوع ہوتے ہوئے 29 یا 30 جولائی کو رویت کے مطابق نماز عید الفطر کالج گراونڈ میں ادا کرنے کی اجازت طلب کی ۔ ساتھ ہی کرایہ ادا کرنے کا بھی اعلان کیا ۔ ا نہوں نے آج اس سلسلہ میں بی جے پی اقلیتی مورچہ کے قائدین کے ساتھ کمشنر پولیس مسٹر مہندر ریڈی سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں تمام تفصیلات سے واقف کروایا ۔ ان کا دعویٰ ہے کہ کمشنر پولیس نے نظام کالج گراونڈ میں نماز عیدالفطر سے متعلق درخواست قبول کرلی ہے اور کل 24 جولائی کو احکامات جاری کئیے جائیں گے ۔ واضح رہے کہ نظام کالج کے مقام پر ماضی میں نواب صفدر جنگ مشیر الدولہ فخر الملک دوم کا میر سرائے ہوا کرتا تھا وہ ارم منزل پیالیس کے مالک بھی تھے ۔ بہر حال ریاست حیدرآباد میں کئی تعلیمی اداروں کے بانی نواب عماد الملک کے قائم کردہ اس کالج میں نماز عید الفطر کی ادائیگی نئی ریاست تلنگانہ کے لیے ایک مثبت علامت ہے ۔ ایف ایس لائق علی نے راقم الحروف کو بتایا کہ وہ نظام کالج گراونڈ پر نماز عید الفطر کے لیے عرصہ سے کوشش کررہے تھے جسے اب کامیابی ملی ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ نظام کالج کے پہلے پرنسپل بلبل ہند سروجنی نائیڈو کے والد ڈاکٹر اگمورناتھ چٹوپادھیائے کو مقرر کیا گیا تھا ۔ آج جس عمارت میں کالج چلایا جارہا ہے وہ پائیگاہ نواب ملک فخر البہادر کا گرمائی محل تھا جسے انہوں نے کالج انتظامیہ کو بطور تحفہ پیش کیا ۔۔