۔60رومس ‘ فی کمرے میں 4 طالبات کیلئے قیام وطعام کی سہولیات
حیدرآباد ۔ 4 جولائی( سیاست نیوز) نظام کالج میں زیر تعلیم طالبات اور آئندہ سال یہاں داخلہ لینے والی لڑکیوں و خواتین کیلئے خوش خبری ہے کہ انہیں آئندہ تعلیمی سال سے ہاسٹل کیلئے دیگر مقامات کی ٹھوکریں لگانے کی ضرورت نہیں بلکہ آئندہ تعلیمی سال سے انہیں کالج کے احاطہ میں ہی گرلز ہاسٹل دستیاب رہے گا جس میں 200طالبات کے قیام و طعام کے انتظامات رہیں گے اور آئندہ تعلیمی سال سے نظام کالج میں ہاسٹل کے زمرے کے تحت بھی داخلہ دیا جائے گا ۔ نظام کالج میں گرلز ہاسٹل کی تعمیر کیلئے ڈپٹی چیف منسٹر اور وزیرتعلیم کڈیم سری ہری اور ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ نے سنگ بنیاد رکھا ہے ۔ گذشتہ برس مسٹر راؤ کے کالج کے دورہ کے موقع پر کالج کے عہدیدار اور طلبہ نے گرلز ہاسٹل کی ضرورت کی طرف ان کی توجہ مبذول کروائی تھی اور ریاستی وزیر نے فوری اقدامات کرتے ہوئے ہاسٹل کی عمارت کی تعمیر کیلئے 5کرور روپئے کی منظوری دی تھی ۔ سنگ بنیاد کے ساتھ ہی وزیر نے متعلقہ عہدیداروں کو ہدایت دی کہ اندرون ایک سال عمارت کی تعمیر مکمل کرلی جائے تاکہ آئندہ تعلیمی سال سے ہاسٹل میں داخلہ دیا جاسکے ۔ نیا ہاسٹل 6.25کروڑ روپئے کے مصارف سے تعمیر کیا جائے گا جس میں ایچ ایم ڈی اے 5کروڑ کے مصارف برداشت کرے گی مابقی اخراجات عثمانیہ یونیورسٹی کے ذمہ ہوں گے ۔ 23,000مربع فیٹ اراضی پر تعمیر ہونے والے اس پانچ منزلہ عمارت میں 60کمرے ہوں گے اور ہر کمرے میں 4طالبات کے قیام کی سہولیات ہوں گی اور ساتھ ہی ہاسٹل میں کیٹر بھی ہوگا جوکہ انڈر گریجویٹ کے طالب علموں کیلئے طعام کی سہولیات فراہم کرے گا ۔ یاد رہے کہ نظام کالج میں بوائز ہاسٹل پہلے ہی سے موجود ہے اور اس گرلز ہاسٹل کے قیام سے طالبات کیلئے راحت ہوگی کیونکہ نظام کالج نہ صرف شہر بلکہ تلنگانہ کے اضلاع میں اپنی شاندار تعلیمی سرگرمیوں کی وجہ سے کافی مقبول کالج ہے اور اب آئندہ تعلیمی سال سے ہاسٹل کی سہولت سے اضلاع کی طالبات کا حیدرآباد کو تعلیم کیلئے رخ کرنا یقینی ہے ۔