حیدرآباد 17 اپریل (سیاست نیوز) مکہ مکرمہ کی نظام رباط میں قیام کیلئے قرعہ اندازی میں منتخب عازمین سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں۔ رباط میں قیام کیلئے قرعہ اندازی کے ذریعہ گرین زمرہ کے عازمین کا انتخاب کیا گیا تھا ۔ سکریٹری اوقاف کمیٹی نے منتخب عازمین سے خواہش کی کہ وہ 25 اپریل تک نظام حج کیمپ آفس چریان پیالس بنجارہ ہلز سے رجوع ہوں ۔ عازمین حج کو اپنے ساتھ حج کنفرمیشن کارڈ، آدھار کارڈ ، پاسپورٹ کاپی اور اور دو پاسپورٹ سائز فوٹوز لانے ہونگے۔ دفتر کے اوقات صبح 11 تا 4 بجے سہ پہر رہیں گے۔ اوقاف کمیٹی پرمٹ لیٹر جاری کرے گی ، جسے پیش کرکے رباط میں قیام کرسکتے ہیں۔ قرعہ اندازی میں منتخب عازمین کو ہی یہ سہولت رہے گی۔ سکریٹری اوقاف کمیٹی نے نظام فیملی کے عازمین حج سے خواہش کی ہے کہ وہ پرمٹ لیٹر کیلئے 21 اپریل تک دفتر سکریٹری اوقاف کمیٹی مسجد جودی کنگ کوٹھی سے رجوع ہوں۔ رائل فیملی ، صاحب زادہ ، صرفخاص ، نظام پرائیویٹ اسٹیٹ کے موجودہ و سابق ملازمین اور نظام کے کسی ٹرسٹ یا تنظیم کے موجودہ و سابق ملازمین کو رباط میں قیام کی سہولت رہیگی ۔ درخواست گزار اپنے ساتھ حج کنفرمیشن کارڈ اور آدھار کارڈ کے علاوہ پاسپورٹ سائز کی دو فوٹوز رکھیں۔