نام نہاد لو جہاد مسئلہ پر میڈیا خاموش تماشائی : ولی اللہ قادری کا بیان
حیدرآباد۔9اکٹوبر (سیاست نیوز) ملک کے تعلیمی نظام کو زعفرانی رنگ دینے کی کوشش کا بی جے پی پر الزام عائد کرتے ہوئے قومی صدر اے ائی ایس ایف سید ولی اللہ قادری نے کہاکہ پچھلے تین ماہ سے قومی سطح پر لو جہاد کو بنیاد بناکر مسلم طلبہ کا عرصہ حیات تنگ کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران جناب سید ولی اللہ قادری نے دہلی یونیورسٹی میں مسلم طلبہ پر ہوئے ایسڈ حملے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ قومی سطح پر فرقہ پرست طاقتیں لو جہاد کو بنیاد بناکر مسلم طلبہ کو مسلسل نشانہ بنارہے ہیں اور متعصب ذرائع ابلاغ فرقہ پرستوں کی سازشوں پر خاموش تماشائی بنا ہوا ہے۔ انہوں نے اے ائی ایس ایف کی جانب سے بھگوا تنظیموں کی سازشوں کے خلاف احتجاج کو جاری رکھنے کا اعلان کیا اور کہاکہ تعلیم میںزعفرانیت کی بڑھتی اجارہ داری اس ملک کے سیکولر نظام کے لئے سنگین خطرہ ہے جس کی تمام گوشوں مذمت ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ مودی انتظامیہ سرکاری تعلیمی نظام کو فروغ دینے کے بجائے بیرونی اداروں کو خصوصی تحفظات اور مرعات پیش کرکے ہندوستان کے سرکاری تعلیمی نظام کو ختم کرنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔ انہوں نے کہاکہ مرکز ی حکومت کی موافق بیرونی تعلیمی نظام پالیسیوں کے سبب 32ہزار کے قریب تعلیمی ادارے بند ہونے کے دہانے پر پہنچ گئے ہیں ۔ انہوں نے تغذائی کی کمی کے سبب آج بھی یومیہ کئی معصوم قومی سطح پر فوت ہورہے ہیں ‘ سرکاری اسکول‘ کالج اوراعلی تعلیمی ادارے بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ وسائل کی کمی کے سبب اس ملک کا غریب طبقہ خانگی تعلیمی اداروں میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے جس کے سبب ناخواندگی میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔انہوں نے قومی سطح پر اُردو سے متعصبانہ رویہ کی مذمت کی ۔ انہوں نے مولانا آزاد فاونڈیشن اور فروغ اُردو کے نام پر چلائے جارہے اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانے مرکز کی سنجیدگی کو ضروری قراردیا ۔