نظام آباد کا چنائو ملتوی نہ کیا جائے، رجت کمار سے کانگریس کی نمائندگی

حیدرآباد۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس الیکشن کوآرڈینیشن کمیٹی نے چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے نمائندگی کی ہے کہ حلقہ لوک سبھا نظام آباد میں امیدواروں کی کثرت کی بنیاد پر چنائو کو ملتوی نہ کیا جائے۔ کوآرڈینیشن کمیٹی کے صدرنشین ایم ششی دھر ریڈی نے اس سلسلہ میں رجت کمار سے فون پر بات چیت کی بعد میں کنوینر جی نرجن نے مکتوب روانہ کیا۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ نظام آباد لوک سبھا حلقے میں تقریباً 185 امیدوار میدان میں ہیں۔ الیکشن کمیشن نے پہلے بیلٹ پیپر پر رائے دہی کا اشارہ دیا تھا لیکن بعد میں الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں رائے دہی کا فیصلہ کیا گیا۔ کانگریس پارٹی نے زائد امیدواروں کی بنیاد پر انتخابات کو ملتوی نہ کرنے کی اپیل کی ہے۔ مکتوب میں کہا گیا ہے کہ وی وی پیاٹ سلپ رائے دہندوں کے لیے کم از کم 30 سیکنڈس تک قابل دید ہونے چاہئیں جبکہ یہ صرف 7 سکنڈس کے لیے اسکرین پر دکھائی دے رہے ہیں جس کے سبب وہ اس کم وقت میں اپنے ووٹ کے بارے میں جاننے سے قاصر ہیں۔ چوں کہ نظام آباد میں زائد مشینیں استعمال کی جائیں گی لہٰذا رائے دہندے کو وی وی پیاٹ مشین تک پہنچنے میں وقت لگ سکتا ہے۔ بٹن دبانے کے بعد رائے دہندے کو 30 سیکنڈ کا وقت دیا جائے تاکہ وہ اپنے ووٹ کے بارے میں جان سکے۔ کانگریس نے کہا کہ زائد مشینوں کے سبب ووٹ دینے کے لیے ہر رائے دہندے کو زائد وقت درکار ہوگا لہٰذا رائے دہی کے موجودہ اوقات صبح 7 تا شام 5 بجے میں اضافہ کیا جائے۔ حساس علاقوں میں خصوصی انتظامات کیئے جائیں۔ موسم گرما کے سبب زائد سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ کانگریس پارٹی نے نظام آباد لوک سبھا حلقہ کے سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کی رائے حاصل کرنے کے لیے اجلاس منعقد کرنے کی تجویز پیش کی۔