نظام آباد میں اوقافی جائیدادوں کے تحفظ کے اقدامات

حج ہاؤز کی تعمیر ، میٹرنٹی ہاسپٹل کے قیام کی تجویز ،محمود علی سے کویتا کی نمائندگی
حیدرآباد ۔ 13 ۔جون (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر و وزیر مال محمد محمود علی نے کہا کہ نظام آباد ضلع کی اوقافی جائیدادوں کی تفصیلات وقف اور ریونیو ریکارڈ کے مطابق تیار کی جائیں گی تاکہ غیر مجاز قبضوں سے بچایا جاسکے۔ رکن پارلیمنٹ نظام آباد کویتا نے ڈپٹی چیف منسٹر سے خواہش کی کہ نظام آباد کی اوقافی اراضیات کا ڈیٹا بیس ریکارڈ تیار کیا جائے تاکہ تحفظ میں مدد ملے۔ نظام آباد میں اوقافی جائیدادوں پر ناجائز قبضوں کو روکنے کیلئے مقامی افراد نے باقاعدہ سروے کا مطالبہ کیا۔ محمود علی نے کویتا کے ہمراہ نظام آباد میں اقلیتی بہبود کی اسکیمات پر عمل آوری کے سلسلہ میں جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہاکہ حکومت نے غریب مسلمانوں کو عید کی خوشیوں میں شامل کرنے کیلئے 800 مساجد میں اجتماعی افطار کا اہتمام کیا ، اس کے علاوہ چار لاکھ غریب افراد میں ملبوسات کا تحفہ پیش کیا گیا ۔ ہر ضلع میں پانچ اسمبلی حلقوں کے تحت 14,500 افراد میں ملبوسات تقسیم کئے گئے ۔ اسی طرح ضلع کی 29 مساجد میں 29 لاکھ روپئے کے خرچ سے دعوت افطار کا اہتمام کیا گیا ۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے نظام آباد میں یونانی دواخانہ کے قیام اور حج ہاؤز کی تعمیر کا تیقن دیا ۔ کویتا نے اس سلسلہ میں اراضی فراہم کرنے کا پیشکش کیا ہے۔ انہوں نے مسلم آبادی والے علاقہ میں میٹرنٹی ہاسپٹل کے قیام سے متعلق مقامی افراد کے مطالبہ سے ڈپٹی چیف منسٹر کو واقف کرایا ۔ انہوں نے کہا کہ میٹرنٹی ہاسپٹل کی تعمیر کے لئے ضروری فنڈس منظور کئے جائیں گے ۔ حیدرآباد کے بعد نظام آباد ضلع میں مسلمانوں کی کثیر آبادی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی تعلیم ، صحت اور روزگار پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ مسلمانوں کی فلاح و بہبود کیلئے کئی اسکیمات کا آغاز کرچکے ہیں۔ ڈپٹی چیف منسٹر کو بتایا گیا کہ شادی مبارک اسکیم کی رقومات کی اجرائی میں تاخیر ہورہی ہے ۔ کویتا نے شادی سے قبل امدادی رقم جاری کرنے پر زور دیا ۔ انہوں نے اقلیتی فینانس کارپوریشن سے سبسیڈی کی اجرائی ، ائمہ اور مؤذنین کے بقایہ جات کی اجرائی کے سلسلہ میں نمائندگی کی۔ محمود علی کہا کہ بہت جلد نظام آباد کے زیر التواء مسائل پر اجلاس طلب کرتے ہوئے اہم فیصلے کئے جائیں گے۔ انہوں نے تیقن دیا کہ کویتا نے نظام آباد کے اقلیتوں کے جن مسائل کی نمائندگی کی ہے ، ان کی ہر ممکن یکسوئی کی جائے گی ۔
میڑچل سب رجسٹرار کے مکان کی اے سی بی نے تلاشی لی
حیدرآباد 13 جون ( یو این آئی) اے سی بی کی ٹیم نے تلنگانہ میں میڑچل سب رجسٹرار این کشن پرساد کے مکان کی تلاشی لی۔آمدنی سے زائد اثاثہ جات رکھنے کے الزام پریہ تلاشی لی گئی۔بتایا جاتا ہے کہ اے سی بی کی ٹیم نے الماس گوڑہ میں ان کے دو مکانات کی بھی تلاشی لی۔