نشیلی ادویات کی لعنت کے خلاف این سی سی کی ریالیاں

حیدرآباد ۔ 27 ۔ جون : ( سیاست نیوز ) : نیشنل کیڈٹ کور ( این سی سی ) کے لڑکوں اور لڑکیوں نے تلنگانہ ریاست میں مختلف مقامات پر ریالیاں نکالیں اور سماج میں نشیلی ادویات کی لعنت کے خاتمہ کی ضرورت پر توجہ مرکوز کرائی ہے ۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں بشمول برکت پورہ میں ریالیاں نکالی گئیں ۔ رکن قانون ساز کونسل این رام چندر راؤ ( بی جے پی ) نے عوام پر زور دیا کہ وہ جان لیوا لعنت کے خاتمہ کے لیے جدوجہد میں شامل ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس منشیات کے عادی افراد کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے منشیات کا استعمال روکنے کے لیے کافی اچھا کام کیا ہے ۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ انسداد منشیات قانون پر سختی سے عمل درآمد کیا جائے ۔ منشیات اور جرائم سے متعلق اقوام متحدہ آفس کے مطابق دنیا میں تقریبا دو سو ملین افراد منشیات کے عادی ہیں اور منشیات کے عادی افراد جرائم میں ملوث ہوا کرتے ہیں ۔ ہندوستان میں ہیروئن کے عادی افراد کی تعداد دس لاکھ بتائی گئی ہے ۔۔