9 نشستوں کا مطالبہ ، نارائنا اور وینکٹ ریڈی کا سخت موقف
حیدرآباد ۔ 6 ۔ نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی کے قومی سکریٹری ڈاکٹر نارائنا نے سوال کیا کہ آیا کانگریس ان تمام حلقوں سے کامیاب ہوگی جہاں سے مقابلہ کر رہی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے نارائنا نے مہا کوٹمی میں سی پی آئی کو مناسب حصہ داری کا مطالبہ کیا۔ مہا کوٹمی میں سی پی آئی کی برقرار کے مسئلہ پر نارائنا نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کے لئے وہ اتحاد میں برقرار ہیں۔ سی پی آئی جس نشست کا مطالبہ کر رہی ہے، وہاں سے سی پی آئی کی شکست کے بارے میں کانگریس قائدین اندیشے ظاہر کر رہے ہیں۔ کیا کانگریس جن نشستوں سے مقابلہ کر رہی ہے ، ان تمام پر کامیاب ہوگی ؟ انہوں نے کانگریس کے رویہ پر نکتہ چینی کی اور کہا کہ اتحاد کی برقراری کیلئے تمام جماعتوں کا اعتراف ضروری ہے ۔ نارائنا نے واضح کیا کہ وہ کانگریس سے نشستیں بھیک کی طرح نہیں مانگیں گے ۔ اگر سی پی آئی کو 9 نشستیں الاٹ نہیں کی گئیں تو انہوں نے ان نشستوں پر امیدواروں کے اعلان کا الٹی میٹم دیا ہے۔ اسی دوران سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری چاڈا وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ان کے مقابلہ کے بارے میں عنقریب وضاحت کریں گے ۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی 9 نشستوں سے مقابلہ کرنا چاہتی ہے اور اس سلسلہ میں کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ اگر باعزت طریقہ سے پانچ نشستیں الاٹ نہیں کی جائیں گی تو وہ مہا کوٹمی میں برقراری پر غور کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حسن آباد اسمبلی حلقہ کے عوام ان سے مقابلہ کیلئے اصرار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سی پی آئی نے جن نشستوں کی نشاندہی کی ہے ، ان میں سے ہی نشستیں الاٹ کی جانی چاہئے۔ دیگر نشستوں کو وہ قبول نہیں کریں گے۔