رائے پور۔ 16؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ ممنوعہ سی پی آئی (ماؤیسٹ) نے الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر چھتیس گڑھ ارمن سنگھ اور ریاستی وزیر صحت امر اگروال ہی 13 خواتین کی نس بندی آپریشن کے دوران اموات کے لئے ذمہ دار ہیں۔ حالیہ نس بندی آٖریشن کے انعقاد کے ذریعہ خواتین کی زندگیوں کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا تھا، لہٰذا چیف منسٹر اور وزیر صحت کو استعفیٰ دینا چاہئے۔ ماؤیسٹوں نے چھتیس گڑھ کے شورش زدہ ضلع دھنتے واڑہ میں ورقیئے گرائے ہیں اور بیانرس آویزاں کئے ہیں۔ انھوں نے نس بندی مہم کے خلاف احتجاج بھی کیا۔ ان پمفلٹس اور پوسٹرس کو ضلع دھنتے واڑہ کے پولیس حدود میں کل رات برآمد کیا گیا۔ پمفلٹس میں مغربی بستر ڈیویژن کی ممنوعہ تنظیم کی کمیٹی نے چیف منسٹر اور وزیر صحت پر زور دیا ہے کہ غریب خواتین کی موت کے لئے وہی ذمہ دار ہیں۔ انھیں استعفیٰ دینا چاہئے۔ حکومت کرنے کے اخلاقی حق سے وہ محروم ہوچکے ہیں۔ حکومت چھتیس گڑھ نے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے ایک پیانل کا تقرر عمل میں لایا ہے۔