لکھنؤ۔/14نومبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) بلاسپور میں نس بندی آپریشن کے دوران جن گیارہ خواتین کی موت واقع ہوگئی تھی اس نے پورے ملک میں کھلبلی مچادی ہے۔ دریں اثناء صدر بی ایس پی مایاوتی نے اس واقعہ کے پس منظر میں وزیر صحت کو فوری طور پر برطرف کردینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ایک سرکاری بیان میں انہوں نے کہاکہ دلتوں ، ادیواسیوں اور سماج کے دیگر محروم طبقات پر ظلم و ستم اور ناانصافی کے واقعات عام ہیں خصوصی طور پر بی جے پی کی حکمرانی والی ریاستوں جیسے گجرات اور چھتیس گڑھ میں دلتوں کا جینا حرام ہے لیکن سرکاری طور پرمنعقدہ میڈیکل کیمپ میں ناقص طبی سہولیات کی وجہ سے دلت اور ادیواسی خواتین کا اس طرح فوت ہوجانا ظلم و ستم کی انتہا ہے لہذا وزیر صحت کو اس کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے فوری برطرف کیا جانا چاہیئے۔ دوسری طرف رائے پور سے ملنے والی اطلاع کے مطابق حکومت چھتیس گڑھ نے نس بندی آپریشن کے دوران خواتین کی اموات کی تحقیقات کے لئے ایک پیانل تشکیل دیا ہے جس کی قیادت ایک ریٹائرڈ ڈسٹرکٹ سیشن جج انیتا جھا کریں گی۔