نئی دہلی ۔ 12 ۔ نومبر : ( سیاست ڈاٹ کام ) : چھتیس گڑھ کے بلاسپور میں نس بندی کے آپریشن کے دوران ڈاکٹروں کی مبینہ لاپرواہی سے 11 خواتین کی اموات پر پیش کی جانے والی میڈیا کی رپورٹس پر سپریم کورٹ نے از خود کارروائی کرنے سے انکار کردیا ۔ چیف جسٹس ایچ ایل دتو پر مشتمل ایک بنچ نے کہا کہ وزیر اعلی رمن سنگھ نے اس معاملہ کو وزیر اعظم نریندر مودی سے رجوع کیا ہے ۔ لہذا ہم اس معاملہ پر از خود کچھ نہیں کرسکتے ۔ یاد رہے کہ ایک وکیل نے میڈیا رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے اس معاملہ میں عدلیہ کو مداخلت کرنے کی بات کہی تھی جس پر چیف جسٹس نے یہ جواب دیا ۔ اس بنچ میں جسٹس مدن لوکر بھی شامل ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی رپورٹ کا حوالہ دینے کی بجائے وکیل موصوف کو درخواست کا ادخال کرنا چاہئے تھا ۔ یاد رہے کہ نو خواتین کے فوت ہونے کے علاوہ 49 دیگر خواتین کو بھی بغرض علاج مختلف ہاسپٹلس سے رجوع کیا گیا تھا ۔ اس واقعہ کے بعد چار ڈاکٹرس کو خدمات سے معطل اور ڈائرکٹر آف ہیلتھ سروسیس کا تبادلہ کردیا گیا تھا ۔