حیدرآباد ۔ 28 ڈسمبر (سیاست نیوز ) فرقہ پرست طاقتیں کسی ایک قوم کیلئے خطرہ نہیں ہیں بلکہ ہندوستانی دستوری نظام‘ قومی سالمیت اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی تباہی کے ذمہ دار ہیں۔ مارکسی قائدجناب محمدیوسف تریگامی رکن اسمبلی وکنونیر عوامی متحدہ محاذ کشمیرنے یہ بات کہی ۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وزارت عظمیٰ کیلئے بی جے پی نے نریندر مودی کو اپنا امیدوار پیش کیا ہے ۔ این ڈی اے حلیف جماعتوں کی مخالفت کو بھی نظر انداز کردیا گیا ۔ انہوں نے جس فیصلہ کو سکیولر طاقتوں کیلئے بڑا چیلنج قرار دیا اور کہا کہ بی جے پی خفیہ ایجنڈہ پر عمل پیرا ہے ۔ انہوں نے آر ایس ایس کے بشمول دیگر بھگوا تنظیموں کو بی جے پی کی انتخابی ٹرین کا انجن قرار دیتے ہوئے کہاکہ فرقہ پرست تنظیموں کے بل بوتے پر بی جے پی حلیف جماعتوں کی ناراضگی کو فراموش کررہی ہے ۔ انہوں نے سکیولر اقتدار والی ریاستوں میں بدعنوانی‘ رشوت خوری‘ جرائم میںاضافہ اور بڑھتی مہنگائی پر کنٹرول میں ناکامی کو بھی بی جے پی کیلئے ساز گار قرار دیا۔ جناب محمدیوسف تریگامی نے کہاکہ گودھرا واقعہ کو بنیاد بناکر مخصوص قوم کے لوگوں کی نسل کشی کرنے والے نریندر مودی کو وزارت عظمیٰ کا امیدوار بناکر بی جے پی نے ایک ملک کی سیکولر طاقتوں کو بڑا چیالنج دیا ہے۔انہوں نے سکیولر طاقتوں کے اتحاد کو ضروری قرار دیا ۔