نریندر مودی کا بیان ملک کے مسلمانوں کی حب الوطنی پر فخر اور یقین کا اظہار

نئی دہلی 20 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) بی جے پی نے آج کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے ملک کے مسلمانوں کے تعلق سے جو بیان دیا ہے وہ سیاسی نہیں ہے بلکہ قوم پرستانہ ہے ۔ پارٹی نے اس بیان سے منفی معنی نکالنے والوں پر تنقید کی ہے اور کہا کہ شائد انہیں پتہ چل گیا ہے کہ سکیولر ازم کو ووٹ حاصل کرنے کیلئے استعمال نہیں کیا جاسکتا ۔ پارٹی نائب صدر مختار عباس نقوی نے کہا کہ وزیر اعظم مودی نے یہ بیان سکیولر ازم کے خود ساختہ چمپئنس کو خوش کرنے نہیں دیا ہے بلکہ وہ ہندوستانی مسلمانوں کی حب الوطنی اور قوم پرستی میں فخر اور یقین کا اظہار کر رہے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیولر ازم کے چمپئنس کہلانے والوں نے گذشتہ دس سال میں داڑھی اور ٹوپی کو ’’ میڈ ان القاعدہ ‘‘ کی علامت بنادیا تھا اور اب یہی لوگ مودی کے بیان سے منفی معنی نکال رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا بیان ان دہشت گرد تنظیموں کیلئے بھی منہ توڑ جواب ہے جو ہندوستانی مسلمانوں کو اپنی دہشت گردانہ سرگرمیوں میں شامل کرتے ہوئے غیر یقینی کیفیت پیدا کرنا چاہتے تھے ۔ مسٹر نقوی نے ادعا کیا کہ بی جے پی اور وزیر اعظم نریندر مودی ایک بھارت ۔ شریشٹ بھارت کے عہد پر کام کر رہے ہیں اور ان کا مقصد سب کا ساتھ اور سب کا وکاس ( ترقی ) ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے اقتدار پر آنے سے معاشی ‘ سماجی اور تعلیمی طور پر پسماندہ طبقات بشمول مسلمانوں میں امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے ۔