نریندر مودی ایک دوسرے کو لڑانے میں ماہر:این تلسی ریڈی

حیدرآباد ۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) سینئر کانگریس پارٹی قائد ڈاکٹر این تلسی ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی کو ہدف ملامت بنایا اور کہاکہ نریندر مودی میں سوائے ہندوؤں اور مسلمانوں کے مابین تفرقہ پیدا کرنے، اُکسانے اور دونوں طبقات کو ایک دوسرے کے خلاف مشتعل کرنے کے کوئی اور صلاحیت نہیں ہے۔ آج یہاں اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے تلسی ریڈی نے وزیراعظم نریندر مودی پر الزام عائد کیاکہ وہ اقتدار و سیاسی مفادات کے لئے کسی کو بھی کچل کر آگے بڑھنے والے قائد ہیں اور اقتدار کی اپنی ہوس کو پوری کرنے کے لئے وہ کچھ بھی کرسکتے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ نریندر مودی ایک دوسرے کو لڑانے کی مہارت رکھتے ہیں لیکن زراعت کس طرح کرنی چاہئے، ترقی کس طرح کرنی چاہئے، ان میں ایسی کوئی صلاحیت نہیں ہے۔ سینئر کانگریس قائد نے نریندر مودی کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ وہ صرف زبانی اعلانات کرنے اور جذباتی تقاریر کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کے عادی ہیں لیکن عملی اقدامات کے عادی نہیں ہیں۔ انھوں نے ملک کی تہذیب کا تذکرہ کرتے ہوئے دریافت کیاکہ آیا ملک کی تہذیب کا احترام و اعتماد رکھنے پر مودی کی طرح بیوی کو کوئی دور کردے گا؟ ڈاکٹر تلسی ریڈی نے کہاکہ نریندر مودی خواتین کے تعلق سے صرف زبانی ہمدردی کرتے ہیں لیکن عملی اقدامات کبھی نہیں کئے۔