نریندرمودی کی بحرالکاہل میں رسوخ پیدا کرنے کی کوشش

سووا ۔ 19 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے بحرالکاہل تک رسائی کی راہ آج اس وقت ہموار ہوگئی جبکہ وزیراعظم نریندر مودی نے مسلسل کئی قرضہ جات اور ترقی کیلئے امداد جملہ مالیتی 8 کروڑ امریکی ڈالر کا اعلان کیا اور تمام 14 جزائری مملکت فیجی کے شہریوں کو ہندوستان آمد پر ویزا جاری کرنے کی سہولت کا بھی اعلان کیا۔ نریندر مودی نے وزیراعظم فیجی فرینک بینی ماراما کے ساتھ بات چیت کے بعد بحرالکاہل کے ممالک کیلئے 10 لاکھ امریکی ڈالر مالیتی خصوصی امدادی فنڈ کا اعلان کیا اور پورے بحرالکاہل کے جزائر کی ترقی کے پراجکٹس برائے ٹیلی میڈیسن اور ٹیلی ایجوکیشن کا اعلان کیا۔

گذشتہ 33 سال میں کسی وزیراعظم ہند کا یہ پہلا دورہ فیجی تھا۔ قبل ازیں 1981ء میں اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی نے یہاں کا دورہ کیا تھا۔ ہندوستان اور فیجی نے اپنے اس صیانتی و دفاعی تعاون میں توسیع سے بھی اتفاق کیا۔ انہوں نے اپنے ایک روزہ دورہ فیجی میں بحرالکاہل کے علاقہ کو مرکز بنانے کی ضرورت سے اتفاق کیا۔ فیجی نے وزیراعظم مودی کی آمد پر سرخ قالین استقبال کیا اور مختلف چوراہوں پر ان کے استقبال پر مبنی نعروں کے ساتھ پوسٹرس چسپاں کئے گئے تھے۔ انہوں نے بحرالکاہل کے 12 ممالک کے قائدین کے اجلاس سے بھی خطاب کیا۔ یہ ایک نمایاں اور قابل ذکر اقدام تھا۔ انہوں نے فیجی قومی یونیورسٹی میں بھی خطاب کیا۔

اس طرح وہ پہلے عالمی قائد بن گئے جنہوں نے اس یونیورسٹی میں طلبہ سے خطاب کیا ہے۔ دیگر فیصلوں کا اعلان جو اجلاس میں کیا گیا بحرالکاہل کے جزیرہ کی مملکتوں کیلئے گرانٹ ان ایڈ کو ایک لاکھ 25 ہزار سالانہ سے بڑھا کر 2 لاکھ امریکی ڈالر سالانہ کردینا ہے جو طبقاتی پراجکٹس کیلئے استعمال کی جائے گی۔ بحرالکاہل کے جزائری ممالک کیلئے آئی آئی ٹی او کی نمائش میں بھی جگہ مختص کی جائے گی تاکہ وہ ممالک اپنی مصنوعات نمائش کیلئے پیش کرسکیں۔ علاوہ ازیں ایک تجارتی دفتر دہلی میں قائم کیا جائے گا تاکہ ہندوستان اور بحرالکاہل کے جزائری ممالک کے درمیان تجارت میں اضافہ ہوسکے۔ وزیراعظم کے دفتر پر وزیراعظم فیجی اور وزیراعظم مودی نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا جس میں مودی نے کہا کہ یہ فیجی کے ساتھ ہندوستان کے تعلقات کا ایک نیا دن اور ایک نیا آغاز ہے۔
مودی کے جذبات پر جوابی خیرسگالی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم فیجی نے کہا کہ وزیراعظم ہند کے دورہ سے پیداواری تعلقات کیلئے راہ ہموار ہوچکی ہے۔ فیجی کو فخر ہیکہ ہندوستان مستقبل میں اس کا شراکت دار ہوگا۔ مودی کو ایرپورٹ پر روایتی گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ بعدازاں ایلبرٹ پارک میں ایک روایتی استقبالیہ تقریب منعقد کی گئی۔ مودی نے ہندوستانی برادری سے ملاقات بھی کی۔ فیجی کی جملہ آبادی 8 لاکھ 49 ہزار میں سے 37 فیصد ہندوستانی نژاد افراد پر مشتمل ہے۔ مودی نے فیجی کی پارلیمنٹ سے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے تجویز پیش کی کہ ہند ۔ بحرالکاہل جزائر میں تعاون کیلئے ایک فورم باقاعدہ بنیاد پر قائم کیا جائے۔ انہوں نے 2015ء میں آئندہ اجلاس منعقد کرنے کی بحرالکاہل کے جزائر کے قائدین کو دعوت دی۔