نئی دہلی ۔20ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیراعظم نریندر مودی کے یہ کہنے پر کہ زیادہ تر اشیاء کو جی ایس ٹی کے 18فیصدی زمرہ میں لائیں گے ، صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج اُن پر چوٹ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی پارٹی نے انہیں گہری نیند سے جھنجھوڑ کر جگادیا ہے ۔ راہول نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ پی ایم اب وہی چاہتے ہیں جسے کبھی انہوں نے کانگریس پارٹی کی بڑی احمقانہ سوچ قرار دیا تھا ۔ راہول نے ٹوئیٹ کیا : ’’ کانگریس پارٹی نے آخر کار نریندر جی کو گبرسنگھ ٹیکس کے بارے میں ان کی گہری نیند سے جھنجھوڑ کر جگا دیا ہے ۔ اگرچہ ہنوز وہ نیند کے اثر میں ہیں لیکن اب وہ اُسی پر عمل کرنا چاہتے ہیں جسے قبل ازیں انہوں نے کانگریس پارٹی کی نہایت احمقانہ سوچ قرار دیا تھا ۔ بہرحال دیر آئے درست آئے ۔‘‘ وزیراعظم مودی نے گڈس اینڈ سروسیس ٹیکس کو مزید سادہ بنانے کا اشارہ دیتے ہوئے منگل کو کہا تھا کہ اُن کی حکومت یقینی بنانا چاہتی ہے کہ 99فیصدی اشیاء 18فیصدی جی ایس ٹی کے ذیلی زمرے میں لائے جائیں ۔ مودی نے کہا تھا کہ آج جی ایس ٹی سسٹم بڑی حد تک قائم ہوچکا ہے اور ہم ایسے موقف کی طرف پہنچنے کیلئے کام کررہے ہیں جہاں 99فیصدی اشیاء کو 18فیصد جی ایس ٹی سلاب کے زمرے میں لائے جائے ۔ انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ 28فیصد کا جی ایس ٹی سلاب صرف چند منتخب ایٹمس جیسے لکژری اشیاء کی حد تک محدود کیا جائے گا ۔ اس اعلان پر کانگریس کی طرف سے بڑی تنقید ہوئی جیسا کہ سابق وزیر فینانس پی چدمبرم نے کہا کہ مرکز کو بڑی دیر کے بعد عقل آئی ہے ۔ انہوں نے گذشتہ روز کہا تھا کہ حکومت کے بموجب 99% اشیاء 18%جی ایس ٹی پر ہوں گے ۔ انہیں 18فیصد کی معیاری شرح کے ساتھ ہی شروعات کرنا چاہیئے تھا ۔ جی ایس ٹی متعارف کرواتے وقت غیرضروری اتھل پتھل کرنے کے بعد حکومت اب سنبھلنے کی کوشش کررہی ہے جو این ڈی اے کا خاصہ ہے ۔