احمد آباد 26 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) گجرات ہائیکورٹ نے نروڈا پاٹیہ فساد کیس کے 31 سزا یافتگان میں سے ایک کی ضمانت منظور کرلی ۔ نروڈہ پاٹیہ میں فسادات کے دوران جملہ 97 افراد ہلاک ہوگئے تھے ۔ جسٹس آر آر ترپاٹھی اور جسٹس آر ڈی کوٹھاری کی ایک ڈویژن بنچ نے کرپال سنبھ چھبدا کی ضمانت منظور کرلی جو اس وقت سابق وزیر گجرات مایاکوڈنانی کے پرسنل اسسٹنٹ تھے۔ چھبڈا کو ٹرائیل عدالت نے اس مقدمہ میں عمر قید کی سزا سنائی تھی ۔ قبل ازیں کانگریس نے گجرات فسادات کے سلسلہ میں صدر بی جے پی کو بے قصور قرار دینے پر بھی اعتراض کیا ہے۔
آرڈیننس سے دستبرداری
خارج از امکان : وینکیا نائیڈو
نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج دوٹوک انداز میں کہا کہ حالیہ جاری کردہ آرڈیننس بشمول حصول اراضیات آرڈیننس میں سے کسی ایک سے دستبرداری اختیار کرنے کا سوال ہی نہیں ہوتا۔ تاہم بجٹ پیش کرنے کے بعد جب بلز پر مباحث شروع ہوں گے تو تجاویز قبول کئے جائیں گے اور کانگریس پر الزام عائد کیا کہ اس مسئلہ پر دوہرا معیار اختیار کررہی ہے۔ مرکزی وزیر پارلیمانی امور ایم وینکیا نائیڈو نے آج یہ اعلان کیا۔