نئی دہلی ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سابق سربراہ ’’را‘‘ اے ایس دولت کے دعویٰ پر تنقید کرتے ہوئے کانگریس نے آج کہا کہ نرم بی جے پی حکومت نے 1999ء میں دہشت گردی کا سنگ بنیاد رکھا تھا جبکہ پوری دنیا 3 خوفناک دہشت گردوں کی رہائی کا تماشہ دیکھ رہی تھی، جنہیں انڈین ایرلائنس کے اغواء شدہ طیارہ کے عوض رہا کردیا گیا۔ کانگریس کے ترجمان ٹام وڈکن نے دعویٰ کیا کہ دہشت گردوں نے پارلیمنٹ پر اور 26 نومبر کو ممبئی پر دہشت گرد حملے کئے تھے جو ان تینوں دہشت گردوں کی رہائی کا نتیجہ تھے۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اور بی جے پی حکومت کو قوم سے غیرمشروط معذرت خواہی کرنی چاہئے کیونکہ بی جے پی حکومت نے ہندوستان دشمن عناصر، دہشت گردوں اور مجرمانہ عناصر کی تائید کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں عوام سے معذرت خواہی کرنی چاہئے تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جاسکے کہ دہشت گردوں کو آئندہ رہا کرکے ان کی محفوظ پناہ گاہ پاکستان منتقل نہیں کیا جائے گا اور ہندوستان کو زخمی حالت میں نہیں چھوڑا جائے گا۔ 3 سخت گیر دہشت گرد بشمول مولانا مسعود اظہر کو اغواء شدہ انڈین ایرلائنس کے طیارہ کے مسافرین کی آزادی کے بدلے میں 1999ء میں رہا کیا گیا تھا۔