نئی دہلی ۔ 28 ۔ جون : ( پی ٹی آئی ) : سینئیر بی جے پی لیڈر و مرکزی وزیر شہری ترقیات و امکنہ ایم وینکیا نائیڈو نے سابق وزیر اعظم آنجہانی پی وی نرسمہا راؤ کو آج ان کے 93 ویں یوم پیدائش کے موقع پر پراثر خراج عقیدت ادا کیا ۔ وینکیا نائیڈو نے آنجہانی قائد کی حیات اور کارناموں کو یاد دلاتے ہوئے کہا کہ ’ پامولا پرتی وینکٹ نرسمہا راؤ کئی دہائیوں تک ہمارے ملک کی سیاست میں ایک منفرد افسانوی شخصیت کی حیثیت سے عوامی زندگی میں وابستہ رہے ۔ ان کے کئی کارناموں میں سب سے بڑا کارنامہ اقتصادی اصلاحات ہیں جو انہوں نے بحیثیت وزیر اعظم 1990 کی دہائی میں متعارف کیا تھا ‘ ۔ وینکیا نائیڈو نے مزید کہا کہ ’ وہ ( نرسمہا راؤ ) نہرو خاندان سے ہٹ کر ملک کے پہلے وزیر اعظم تھے جنہوں نے اپنی پانچ سالہ میعاد مکمل کی تھی ‘ ۔ مرکزی وزیر نے آنجہانی نرسمہا راؤ کو ایک عظیم اسکالر ، نظریہ ساز اور صاحب بصیرت شخصیت قرار دیا ۔