حیدرآباد۔ 21 جولائی(پی ٹی آئی) ہندوستان میں پی وی نرسمہا راؤ کی جانب سے متعارف کئے جانے والے معاشی اصلاحات کے 25 سال مکمل ہورہے ہیں۔ ایسے میں ان کے پوترے این وی سبھاش نے کہا کہ کانگریس نے نرسمہا راؤ کی خدمات کو تسلیم نہیں کیا۔ بعض گوشوں میں یہ تاثر پایا جاتا ہے کہ نرسمہا راؤ کے اس وقت سونیا گاندھی کے ساتھ مراسم ٹھیک نہیں تھے جبکہ وہ پارٹی کی تمام تر ذمہ داری سنبھال رہی تھیں۔ این وی سبھاش نے اس استدلال سے اتفاق نہیں کیا اور کہا کہ دونوں کے باہمی روابط کافی اچھے تھے۔ انہوں نے کہا کہ نرسمہا راؤ ہمیشہ کابینی اجلاس ، توسیع و ردوبدل اور بیرونی دوروں کے بعد سونیا گاندھی سے ملاقات کیا کرتے تھے۔