نتیش کیخلاف درخواست گذار پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ

نئی دہلی، 5جولائی (سیاست ڈاٹ کام) سپریم کورٹ نے بہار کے وزیر اعلی نتیش کمار پر بدعنوانی کا الزام لگانے والی عرضی کو عدالت کا وقت ضائع کرنے والی عرضی بتاتے ہوئے عرضی گذار پر ایک لاکھ روپے کا جرمانہ برقرار رکھا۔عدالت نے عرضی گذار متھلیش کمار کی نظرثانی کی عرضی کو مسترد کرتے ہوئے ایک ہفتے کے اندر جرمانہ ادا کرنے کا حکم دیا ہے ۔ دراصل متھلیش نے گذشتہ سال اسپیلر گھپلہ میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے سی بی آئی سے انکوائری کا مطالبہ کرنے سے متعلق عرضی دائر کی تھی۔ عدالت نے عرضی مسترد کرنے کے ساتھ ساتھ عرضی گذار کو بلاوجہ عدالت کا قیمتی وقت برباد کرنے کے لئے ایک لاکھ روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل پیر کو بھی ایک دیگر معاملے میں عدالت عظمیٰ نے کرناٹک کی منی اسمبلی کو شفٹ کرنے سے متعلق عرضی داخل کرنے والے عرضی گذار کے خلاف پچیس لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا تھا۔