پٹنہ۔ 4 جون (سیاست ڈاٹ کام) بہار کے سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار نے آج ریاستی حکومت کی جانب سے ان کے شخصی استعمال کے لئے فراہم کئے جانے والے اسٹاف کی خدمات حاصل کرنے سے انکار کردیا جو انہیں بحیثیت سابق وزیراعلیٰ فراہم کئے جانے والے تھے۔ یاد رہے کہ یہ سہولیات دیگر سابق وزرائے اعلیٰ کو حاصل نہیں ہیں۔ اس موقع پر نتیش کمار نے کہا کہ وہ صرف اُن سہولیات سے استفادہ کریں گے، جن کے وہ اہل ہیں یا جن کا اطلاق ان پر ہوتا ہے۔ اس کے علاوہ دیگر سہولیات حاصل کرنا اُن کا مقصد ہرگز نہیں۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اخبارات کے ذریعہ یہ پتہ چلا کہ انہیں کچھ سہولیات فراہم کی جانے والی ہیں جن سے دیگر وزرائے اعلیٰ محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کوئی ’’سویدھا‘‘ حاصل کرنا نہیں چاہتے۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہے کہ کل مانجھی کابینہ نے کابینی سیکریٹریٹ کی ایک تجویز کو منظور کیا تھا جس میں سابق وزیراعلیٰ نتیش کمار کو ضرورت کے مطابق پانچ سال تک شخصی اسٹاف فراہم کرنے کو اتفاق رائے سے منظور کیا گیا تھا۔