پٹنہ۔/8اگسٹ، ( سیاست ڈاٹ کام ) آر جے ڈی سربراہ لالو پرساد نے آج چیف منسٹر نتیش کمار پر عظیم اتحاد کی حکومت سے نکل جانے پر لفظی حملہ کیا اور کہا کہ جے ڈی یو لیڈر نے بی جے پی کے ساتھ ہاتھ ملاتے ہوئے ’’ سیاسی خودکشی‘‘ کا ارتکاب کرلیا ہے۔ ’’دغا باز مان سنگھ‘‘ اور ’’ رنچھوڑ ‘‘ (میدان جنگ چھوڑ کر بھاگ جانے والا ) جیسے الفاظ استعمال کرتے ہوئے لالو نے یہ کہا کہ ملک میں کوئی بھی پارٹی اب نتیش کمار پر بھروسہ نہیں کرے گی۔ وہ سیاسی طور پر وقعت کھوچکے ہیں۔ لالو نے اخباری نمائندوں سے بات چیت میں کہا کہ نتیش کمار نے بی جے پی کا ساتھ دیتے ہوئے سیاسی خودکشی کرلی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ آئندہ پارلیمانی انتخابات میں نتیش کو دو سیٹوں سے زائد نہیں ملیںگی جو موجودہ طور پر جے ڈی یو کے پاس ہیں۔ بی جے پی اور این ڈی اے 2019 کے چناؤ میں ان کیلئے ریاست سے اپنی موجودہ نشستیں نہیں چھوڑیں گے۔ ’’ میں نے ہمیشہ نتیش کمار کو مجھ سے زیادہ سلجھاہوا شخص اور دانشمند سیاستدان سمجھا لیکن انہوں نے مجھے غلط ثابت کردیا ہے۔ مجھے اُن پر ترس آتا ہے۔‘‘ لالو نے ڈپٹی چیف منسٹر سوشیل کمار مودی کے الزام کو مسترد کردیا جنہوں نے اول الذکر کی فیملی اور ریت مافیا کے درمیان گٹھ جوڑ کا دعویٰ کیا ہے۔ سوشیل مودی نے یہ بھی کہا تھا کہ سینڈ مافیا 27 اگسٹ کو آر جے ڈی کی مجوزہ ریالی کی فنڈنگ کررہا ہے۔ لالو نے کہا کہ ہم نے اس ریالی کیلئے کسی سے ایک پائی تک نہیں لی ہے۔ بلکہ خود سشیل مودی نے بہار میں سابقہ این ڈی اے حکمرانی کے دوران سینڈ مائننگ کیلئے مشتبہ شخص کو کنٹراکٹ دیا تھا۔تیجسوی یادو جو اب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ہیں، کل سے پورے بہار میں آر جے ڈی مہم کی قیادت کریں گے۔