ناگپور ۔ 15 مئی (سیاست ڈاٹ کام) ناگپور سنٹرل جیل سے فرار ہونے والے پانچ خطرناک مجرموں کے منجملہ دو مجرموں کو پولیس نے آج گرفتار کرلیا۔ فرار ہونے والے یہ دو مجرم محمد شعیب خاں (25 سال) اور پریم عرف نیپالی سالکروم کھتری (21 سال) کا نیپال سے تعلق ہے۔ انہیں کوراڈی سے گرفتار کیا گیا۔ اترپردیش سے متصل ٹاؤن شپ سے ان کے ساتھ دوسرے ملزم ارمان منا ملک (22 سال) کو گرفتار کیا گیا۔ ناگپور کرائم برانچ سے تعلق رکھنے والے پولیس ملازمین نے ان کے قبضہ سے دو دیسی ساختہ ریوالورس ایک موسرگن اور 10 کارتوس بھی ضبط کرلئے۔ پولیس کمشنر ایس پی یادو نے اخباری نمائندوں سے کہا کہ یہ تمام قیدی جو راجہ گھوش کریمنل گیانگ سے تعلق رکھتے ہیں، 31 مارچ کو سنٹرل جیل سے فرار ہوئے تھے۔ دیگر3 قیدی نشیتیدرا راجہ بہادر گپتا (25)، بھیسن سنگھ رامولال (35) اور آکاش ٹھاکر 23 سال ہنوز مفرور ہیں۔